1
Thursday 17 Sep 2020 03:19
اسرائیل کیساتھ امارات و بحرین کا دوستی معاہدہ

آج کے دن تاریخ نے یمنی مزاحمت اور خیانتکاروں کی رسوائی کو محفوظ کر لیا ہے، محمد علی الحوثی

آج کے دن تاریخ نے یمنی مزاحمت اور خیانتکاروں کی رسوائی کو محفوظ کر لیا ہے، محمد علی الحوثی
اسلام ٹائمز۔ یمنی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ محمد عی الحوثی نے عرب نیوز چینل المسیرہ کے ساتھ خصوصی گفتگو کی ہے۔ محمد علی الحوثی نے اس گفتگو میں امریکی صدر و غاصب صیہونی وزیراعظم کے ہمراہ امارات و بحرین کے آمر حکمرانوں کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ دوستی معاہدے پر دستخط کئے جانے پر اظہار خیال کیا ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج ایک منفرد دن تھا کیونکہ آج کے روز تاریخ نے جارح قوتوں کے خلاف یمنی قوم کی 2 ہزار روزہ مزاحمت اور واشنگٹن میں خیانتکاروں کی رسوائی کو اپنے اندر محفوظ کر لیا ہے۔

یمنی سپریم انقلابی کونسل کے سربراہ نے گذشتہ 2,000 روز سے یمنی قوم کے خلاف جاری سعودی فوجی اتحاد کے مسلسل حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج یمن، عزت اور امریکہ و اسرائیل سمیت تمام ظالم قوتوں کے ساتھ مقابلے کی علامت بن چکا ہے۔ انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ یمن کو نہ صرف حقیقی بلکہ انتہائی زیرک اور راسخ ایمان کی حامل قیادت حاصل ہے جس کی تدابیر کے سامنے دشمن کی تمام چالیں ہیچ ہیں۔

محمد علی الحوثی نے منگل کے روز امارات و بحرین کی جانب سے غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستی معاہدے پر دستخط کئے جانے کے حوالے سے کہا کہ اماراتی، سعودی اور ان کے اتحادی ایک طرف تو صیہونیوں کے سامنے سر جھکائے کھڑے ہیں جبکہ دوسری طرف یمنی قوم، جس کی جانب سے ان کے خلاف کوئی جارحیت انجام نہیں پائی، کے خلاف کھلم کھلا جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی مضحکہ خیز بات ہے کیونکہ وہ ناامیدی اور ذلت کی اتھاہ گہرائیوں میں گر کر امتِ مسلمہ سے اس کے اُن اہم مسائل کے اندر انتقام لینے میں مصروف ہیں جن میں مسئلۂ فلسطین سرفہرست ہے۔

انصاراللہ یمن کے مرکزی رہنما نے اپنے انٹرویو کے آخر میں غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستیاں بنانے والے ممالک کو نصیحت کی کہ وہ اپنے اس گھناؤنے فیصلے پر نظرثانی کریں اور کہا کہ وہ ممالک جو (صیہونی دشمن کے ساتھ) دوستی معاہدوں پر اتر آئے ہیں، اسلام و عربی اصول کے نمائندے نہیں بلکہ گھٹیاپن کی مجسم تصویریں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 886717
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش