0
Tuesday 22 Sep 2020 15:49

پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے بارے میں کوئی پوچھنے والا نہیں، مرِیم اورنگزیب

پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے بارے میں کوئی پوچھنے والا نہیں، مرِیم اورنگزیب
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آٹا اور  چینی چور اس وقت ملک پر قابض ہیں۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بے نامی درخواست دی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف فارن فنڈنگ اکاؤنٹس کے بارے میں کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ترجمان نون لیگ کا کہنا تھا کہ اگر حزب اختلاف کی جماعتوں کی اے پی سی یا نواز شریف کی تقریر غیر اہم تھی تو وزراء کی ٹانگیں کیوں کانپ رہی ہیں۔؟ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رہنماؤں کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں گلگت بلتستان سے متعلق بات ہوئی تھی، آرمی چیف سے ملاقات کی تفصیل نہیں جانتی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت تاثر دے رہی ہے کہ ہم اداروں کے خلاف ہیں، قومی احتساب بیورو کو اپنے حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی ضمانت میں 24 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کو جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے ضمانت میں بھی 24 ستمبر تک توسیع کر دی۔ ضمانت منسوخ ہونے کی صورت میں شہباز شریف کی گرفتاری کے لیے نیب کی ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی، جو ضمانت منسوخ ہونے پر شہباز شریف کو گرفتار کرتی۔ شہباز شریف کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر سی سی پی او لاہور بھی ہائی کورٹ میں موجود تھے۔ سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے لاہور ہائی کورٹ میں سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا تھا۔ سی سی پی او لاہور نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی تھی کہ آپ لوگوں نے کارکنوں کو مشتعل نہیں ہونے دینا اور شہباز شریف کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں کارکنوں کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرنا ہے جبکہ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچنے سے بچانے کی کوشش کرنی ہے۔
خبر کا کوڈ : 887753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش