0
Saturday 10 Oct 2020 21:50

سندھ حکومت کا ملت جعفریہ کیخلاف متعصبانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائیگا، شیعہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس

سندھ حکومت کا ملت جعفریہ کیخلاف متعصبانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائیگا، شیعہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس
اسلام ٹائمز۔ ملت جعفریہ کراچی سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیموں اور اداروں کے رہنماؤں بشمول مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ شبیر میثمی، ذاکرین امامیہ کے صدر علامہ نثار قلندری، علامہ غلام محمد کراروی، آئی ایس او کے مرکزی رکن نظارت مولانا عقیل موسیٰ، علامہ کامران عابدی، ہئیت آئمہ مساجد کے جنرل سیکرٹری مولانا رضی حیدر زیدی، علامہ مبشر حسن اور آئی ایس او کراچی کے صدر محمد عباس سمیت دیگر نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ بھر میں حکومت نے عزاداران نواسہ رسول (ص) کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کرکے اپنی دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ملت جعفریہ کے خلاف جاری متعصبانہ کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کا ملت جعفریہ کے خلاف متعصبانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا، سندھ حکومت سندھ بھر سے مومنین کے ووٹوں سے اقتدار میں آکر ملت جعفریہ کے خلاف سرگرم عمل ہے اور انہیں دیوار سے لگانے کی گھناؤنی کوشش میں مصروف ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پاکستان کے خلاف عالمی سازش کا حصہ نہ بنے اور وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے، ہمارے صبر کو ہماری کمزوری تصور نہ کیا جائے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے وطن عزیز پاکستان کے قیام سے لے کر اس کی بقاء کے لئے اپنے خون سے سبز ہلالی پرچم کی حفاظت کی ہے اور ہمیشہ اسی طرح سے حفاظت کرتے رہیں گے، وطن سے محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے، ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ سندھ حکومت پاکستان مخالف کس ایجنڈے پر کام کر رہی ہے اور ملک میں افراط و تفریط پھیلانے کے لئے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ہم ملت جعفریہ اس گھناؤنے فعل میں سندھ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے اور اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ملت جعفریہ سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور عمائدین کا کہنا تھا کہ نواسہ رسول (ص) کی عزاداری کے جرم میں بے بنیاد مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، جو کہ کھلم کھلم آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جلسوں اور ریلیوں کے لئے سندھ حکومت نے کھلی چھٹی دے رکھی ہے، لیکن نواسہ رسول (ص) کی عزاداری کے جلوسوں اور اجتماعات میں شرکت کرنے والوں کے خلاف بےبنیاد اور متعصبانہ مقدمات قائم کئے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور محکمہ داخلہ سمیت آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام کا ملت جعفریہ کے خلاف متعصبانہ رویہ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو واضح کر رہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت ملک دشمن عناصر کے ساتھ مل کر ملک میں انارکی پھیلانا چاہتی ہے۔ ملت جعفریہ کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت جعفریہ کے خلاف گھناؤنی سازشوں کا سلسلہ فی الفور بند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ بھر میں عزاداران نواسہ رسول (ص) کے خلاف بے بنیاد مقدمات کو محکمہ داخلہ کے ذریعے فوری واپس لیا جائے، آئی جی سندھ سمیت پولیس میں متعصب افسران ملت جعفریہ کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد مقدمات قائم کرنے میں سرگرم عمل ہیں، سندھ حکومت ملوث عناصر کی خلاف کارروائی کرے بصورت دیگر عدالتوں کا رخ کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 891326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش