0
Thursday 15 Oct 2020 10:51
کورونا کی دوسری لہر، 50 دن میں کیسز کی بلند ترین شرح

اجتماعات سے گریز کیا جائے، شہریوں کی زندگی مقدم ہے، راجہ بشارت

گزشتہ 4 دن میں کورونا سے یومیہ 11 ہلاکتیں ہو رہی ہیں، اسد عمر
اجتماعات سے گریز کیا جائے، شہریوں کی زندگی مقدم ہے، راجہ بشارت
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی 50 روز کے دوران بلند ترین شرح نوٹ کی گئی ہے۔ اپنی ٹوئٹ میں اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.37 فیصد رہی، کورونا کےمثبت کیسزکی شرح 50 دن میں سب سے زیادہ ہے۔ آخری بار کورونا مثبت کیسز کی یہ شرح 23 اگست کو تھی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ گزشتہ 4 روز کے دوران کورونا سے یومیہ اموات کی اوسط 11 ہے۔ یہ سب کورونا کے دوبارہ بڑھنے کی نشانیاں ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کورونا سے 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ ملک میں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد بھی 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس وزیراعلیٰ آفس میں منعقد ہوا۔ جس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، مراد راس، یاسر ہمایوں، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں اور بزنس مقامات پر ایس او پیز پر عملدر آمد کے حوالے سے صورت حال پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر سے بچاؤ کیلئے اجتماعات سے گریز کیا جائے کیونکہ شہریوں کی زندگی اور صحت سب سے پہلے عزیز ہے۔ تمام لوگ اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور عوام بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے کورونا کے پھیلا ؤ کا خدشہ ہے۔ انسداد کورونا کے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا۔ صوبے کے وسیع تر مفادمیں ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کرے اور حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے گی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ایس او پیز پر عمل کرنا شہریوں کے مفاد میں ہے۔ اجتماعات کے ذریعے مرض کا پھیلاؤ بڑھ سکتا ہے۔ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے کورونا کی صورتحال اور ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے بریفنگ دی۔
خبر کا کوڈ : 892161
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش