0
Thursday 12 Nov 2020 22:55

حکومت طلباء کے جائز مطالبات پورے اور انہیں سہولیات فراہم کرے، عبدالواسع

حکومت طلباء کے جائز مطالبات پورے اور انہیں سہولیات فراہم کرے، عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکمران ترقی چاہتے ہیں لیکن تعلیمی بجٹ میں اضافے، ریسرچ، لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو ترقی دینے اور انہیں اپڈیٹ کرنے کے لئے تیار نہیں۔ یونیورسٹیز گرانٹ کا اجراء کیا جائے، ان میں اضافہ کیا جائے اور ریسرچ کے لئے بجٹ مختص کیا جائے۔ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، حکومت ایسا نظام بنائے جو اپنی آنے والی نسلوں کو اپنے ملک اور اپنی قوم کا وفادار بنائے لیکن ہمارے ملک میں یکساں نظام تعلیم ہی موجود نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام زرعی یونیورسٹی پشاور میں تعلیمی ریفرنڈم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم یونیورسٹی کیمپس شفیق الرحمان اور جنرل سیکرٹری سلمان بن احسان نے بھی خطاب کیا۔ عبدالواسع کا کہنا تھا کہ افسوس کی بات ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ہم باہر سے گندم اور دیگر اجناس منگواتے ہیں۔ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں ریسرچ اور تخلیق کے اوپر خرچ کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم ہر میدان میں آگے ہوں۔ خوشی ہے کہ جمعیت نے اپنے مطالبات کے لئے جمہوری راستہ اپنایا۔

عبدالواسع نے کہا کہ تعلیم کا ہر گھر کا مسئلہ ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ دسویں جماعت تک مفت تعلیم فراہم کرے لیکن افسوس کی بات ہے کہ پاکستان میں بچوں کے لئے پرائمری اور ہائی سکولز ناکافی ہیں۔ اس لئے لوگ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیسوں میں مسلسل اضافہ ظلم ہے۔ حکومتی گرانٹ کو بند کرنے اور اخراجات طلباء کی جیبوں سے پورے کرنے کی پالیسیاں بنائی جارہی ہیں جو کہ سراسر ظلم ہے۔ سیلف فنانس کی چھری اب ہر طالب علم کے گلے پر رکھ دی گئی ہے۔ ہر طالب علم کو سیلف فنانس پر تعلیم دینے کا مطلب غریب طلباء پر علم کے دروازے بند کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت طلباء کے جائز مطالبات پورے کرے اور انہیں سہولیات فراہم کرے۔
خبر کا کوڈ : 897465
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش