0
Monday 16 Nov 2020 03:49

کراچی، مفتی عبداللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث مفرور ملزم گرفتار

کراچی، مفتی عبداللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث مفرور ملزم گرفتار
اسلام ٹائمز۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے مفتی عبداللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث مفرور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں فرقہ وارانہ دہشت گردی کا بین الاقوامی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، کراچی کے علاقے جمشید کوارٹرز میں مفتی عبداللہ پر قاتلانہ حملے میں ملوث مفرور ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ ذرائع سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم حارث عرف فرحان نے حوالہ ہنڈی سے فنڈنگ بھی ظاہر کردی۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری سے بیرون ملک موجود ساتھی بھی بے نقاب ہوئے، ملزمان کو شہر میں فرقہ واریت کا ٹاسک دیا گیا تھا، ملزمان کو مذہبی شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کے لئے حوالہ ہنڈی سے رقم منتقل ہوئی۔ ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کا منصوبہ پہلے ہی ٹارگٹ میں ناکام ہوگیا تھا، مفتی عبداللہ پر حملے کے دوران ملزم مدثر میمن پکڑا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث ملزم فرحان موقع سے فرار ہوگیا تھا، سی ٹی ڈی نے 14 دن بعد ملزم حارث لنگڑا عرف فرحان کو گرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بیرون ملک سے مذہبی فساد کے لئے ٹاسک اور حوالہ ہنڈی سے رقم منتقل کی گئی تھی، ملزمان مفتی عبداللہ کو نہیں جانتے تھے، ریکی کے لئے نمازیوں کا روپ دھارا، ملزمان نے مسجد سبحانی میں مفتی عبداللہ کا خطاب بھی سنا تھا۔ یاد رہے کہ جمشید روڈ ایک نمبر میں موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کرکے مسجد کے پیش امام کو زخمی کردیا تھا، جن کی شناخت مولانا عبداللہ کے نام سے ہوئی تھی۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں اور سیکیورٹی گارڈز نے ایک مبینہ ملزم کو پکڑ لیا تھا جبکہ دوسرا فرار ہوگیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 898030
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش