0
Friday 20 Nov 2020 11:59

بلدیاتی الیکشن نہ کرانا حکومتی بددیانتی و عوامی حقوق پر ڈاکے کے مترادف ہے، جماعت اسلامی

بلدیاتی الیکشن نہ کرانا حکومتی بددیانتی و عوامی حقوق پر ڈاکے کے مترادف ہے، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جمہوریت کی دعویدار حکومتوں کی جانب سے بروقت بلدیاتی انتخابات نہ کرانا حکومتی بددیانتی اور عوامی حقوق پر ڈاکہ کے مترادف ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ دنیا کے تمام جمہوری ممالک میں بلدیاتی اداروں کا ایک جامع نیٹ ورک موجود ہے، ان اداروں کو جمہوریت کی نرسری قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنرل ایوب خان، جنرل ضیا اور پرویز مشرف کے دورِ آمریت میں بھی بلدیاتی ادارے قائم رہے اور عوام کے گلی محلوں کے کام ہوتے تھے، لیکن افسوس کہ جب بھی ملک میں جمہوری حکومتیں قائم ہوئی، سب سے پہلے بلدیاتی انتخابات کروانے میں دیر اور انہیں بے اختیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق بلدیاتی ادارے اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں، جبکہ کراچی، حیدرآباد کے علاوہ پورے سندھ میں پیپلز پارٹی کے نمائندے منتخب ہوئے، لیکن انہیں بے بھی اختیار کیا گیا۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ سندھ کے بلدیاتی ادارے اگست 2020ء میں اپنی آئینی مدت پوری کر چکے ہیں، لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے تحت الیکشن کمیشن بلدیاتی اداروں کی تحلیل کے 120 دنوں کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کرانے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث حیرانگی ہے کہ پاکستان میں غیر جمہوری حکومتیں تو ہمیشہ بلدیاتی ادارے قائم کرتی اور ان کی سرپرستی کرتی رہیں، جبکہ منتخب جمہوری حکومتوں نے جمہوریت کی نرسریوں کی کبھی آبیاری نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی اسمبلیاں قانون سازی کرکے حکومتوں کو پابند کریں، تاکہ ایک مقررہ مدت کے بعد بلدیاتی انتخابات خودکار طور پر عمل میں لایا جا سکے، بلدیاتی انتخابات سے فرار کی ہر کوشش حکومت اور عوام الناس کے درمیاں خلیج ہی پیدا کرنے کا سبب بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں جمہوری عمل کا استحکام، عوام کے مسائل کا حل چاہتی ہیں، تو بلدیاتی ادارے بحال کرنے کیلئے قومی سطح پر اتفاق رائے پیدا کرکے فوری طور پر بلدیاتی الیکشن کروانے کیلئے مؤثراقدمات کرنے ہونگے، تاکہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام کو کچھ ریلیف مل سکے۔
خبر کا کوڈ : 898805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش