0
Wednesday 25 Nov 2020 02:23

اگر میں وزیراعظم ہوتا تو فوری طور پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیتا، یوسف رضا گیلانی 

اگر میں وزیراعظم ہوتا تو فوری طور پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیتا، یوسف رضا گیلانی 
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ہمارے جلسوں میں عوام کو شرکت سے روکنے کے لئے ملتان کے داخلی و خارجی راستوں کے لئے کنٹینرز منگوا لئے ہیں، ٹرانسپورٹرز، کیٹرنگ، ٹینٹ قناتوں، لائٹنگ اور ساونڈ سسٹم والوں کو منع کیا جا رہا ہے کہ جلسے کے لئے ہمیں سامان نہ دیا جائے۔ یہ اوچھے ہتھکنڈے حکومت کی شکست اور ہماری کامیابی ہے۔ حالات اس قدر خراب ہیں کہ عوام تمام رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں شرکت کریں گے۔ میرے دور اقتدار میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، اگر میں وزیراعظم ہوتا تو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پہلے دن ہی پیرول پہ رہائی دے دیتا، مسلم لیگ نون سوگ میں ہے, نواز شریف شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرتا ہوں. پی ڈی ایم مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف، ملک میں آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں آئین اور ایٹمی نظام دیا۔

عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہو کر غریبوں کو گھر دینے، مہنگائی کم کرنے اور ڈالر سستا کرنے کے جھوٹے وعدے کرتا رہا ہے، جبکہ کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، ہمیں نیا پاکستان نہیں بلکہ قائد کا پاکستان چاہیئے، ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا اعلان کرنے والوں نے 27 لاکھ افراد کو بے روزگار کر دیا، ضلعی انتظامیہ جلسے کی تیاریوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہے، انتظامیہ نے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی ہے، جو موجودہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ملتان کے علاقہ سورج میانی میں ٹکٹ ہولڈر شاہد رضا صدیقی کی رہائش گاہ پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا ہے اگر لیڈرشپ کے بغیر عوام باہر نکلتی تو زیادہ خطرناک ہوتا، ہم غریب عوام اور محروم پسے ہوئے طبقے کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے اپنے منشور پر عمل نہیں کیا، کہتے تھے نوکریاں دیں گے، لیکن لوگوں کو بے روزگار کردیا گیا۔ کہتے تھے گیس اور بجلی سستی کریں گے، لیکن سستا کرنے کی بجائے مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں پی ڈی ایم جلسے نہیں کر رہی، وہاں کورونا پھیلنے کا ذمہ دار کون ہے۔؟ تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ کیا، لیکن وہ بھی پورا نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیراعظم ہوتے تو فوری طور پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر رہا کر دیتے، حکومت کو فوری طور پر انہیں پیرول پر رہا کر دینا چاہیئے، مسلم لیگ نون سوگ میں ہے، شہباز شریف کا دکھ سمجھ سکتا ہوں، جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو میں بھی جیل میں تھا، 30 نومبر کے جلسے میں کرونا ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا، پاکستان پیپلزپارٹی نے پچاس ہزار سے زائد ماسک تیار کروا لیے ہیں، جو کہ جلسے کے روز تقسیم کیے جائیں گے، کارکنوں اور جیالوں کو ہینڈ سینیٹائزر بھی مہیا کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 899787
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش