0
Sunday 29 Nov 2020 20:22

تحریکِ انصاف نے قومی سیاست میں زہر گھول دیا، شہباز شریف

تحریکِ انصاف نے قومی سیاست میں زہر گھول دیا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف نے قومی سیاست میں زہر گھول دیا، بات اب گالی سے شروع اور اسی پر ختم ہوتی ہے، ملکی حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں، ایسے میں نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے۔ جاتی امرا لاہور میں شہباز شریف سے سینیئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ صحافیوں نے شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ ملاقات کرنیوالوں میں سجاد میر، سلمان عنی، سابق سیکرٹری پریس گیلری پنجاب اسمبلی علی اکبر، ذیشان صفدر، لیاقت انصاری، سعید لودھی، اکرام راجہ، میاں اسلم، طلحہ قریشی، عارف ملک، علی وقار، سعید بلوچ، الفت مغل، عباس نقوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر شہباز شریف کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی حالات بہت خراب ہوچکے ہیں، اجتماعی کاوش سے ملک کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں، اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو قومی سطح پر مکالمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ہاتھوں ہر شعبہ تباہی کا شکار ہوچکا ہے۔ شہباز شریف کا والدہ کو یاد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماں سے خالص کوئی رشتہ نہیں، دعاؤں کی چھتری چلی جائے تو واپس نہیں آتی، مجھے جیل میں والدہ کے انتقال کی اطلاع مل گئی تھی، لیکن بے بسی کے ایسے عالم میں بندہ کیا کرسکتا ہے، والدہ خاندان کے ہر فرد کیساتھ انتہائی پیار کرتی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 900699
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش