0
Sunday 6 Dec 2020 21:25

اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض سرانجام دینے ہونگے ورنہ نتائج خطرناک ہونگے، میاں افتخار حسین

اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض سرانجام دینے ہونگے ورنہ نتائج خطرناک ہونگے، میاں افتخار حسین
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں ازسرنو صاف شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات کا انعقاد کروایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ادراک ہے کہ کورونا ایک وبائی مرض ہے لیکن سلیکٹڈ وزیراعظم کے سیاسی اور عمرانی کورونا کو ایک پل بھی ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا کے پیچھے چھپنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوامی سمندر دیکھ کر حکومت کے اوسان خطا ہوچکے ہیں، پی ڈی ایم سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہٹانے اور ملک کو بچانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ عوامی جلسوں نے حکومت کے اوسان خطا کر دیئے ہیں، اب حکومت اوچھے ہتکھنڈوں پر اُتر آئی ہے، گوجرانوالہ، کوئٹہ اور پشاور جلسوں کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرکے منتظمین کو گرفتار کیا گیا لیکن ساری دنیا نے دیکھا کہ جعلی حکومت سے تنگ عوام نے جلسوں میں بھرپور شرکت کی۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ ملتان جلسہ میں حکومتی رویئے کے خلاف پی ڈی ایم نے مشترکہ فیصلے کے بعد ملک بھر میں احتجاج کی کال دی تھی، آج ملک بھر میں سلیکٹڈ حکمرانوں کے غیر آئینی اور غیر قانونی رویئے کے خلاف عوام نے اپنا احتجاج ریکارڈ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ نوشہرہ جعلی حکومت کو ہٹانے کیلئے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم مطالبہ کرتی ہے کہ ملک میں ازسرنو صاف شفاف اور مداخلت سے پاک انتخابات کا انعقاد کروایا جائے، ملک میں آئین اور پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور تمام اداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر اپنے فرائض سرانجام دینے ہوں گے ورنہ نتائج خطرناک ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 902065
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش