0
Monday 14 Dec 2020 21:29

حق ملکیت بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا، اگلے سیشن میں پیش ہوگا، امجد حسین ایڈووکیٹ

حق ملکیت بل اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا، اگلے سیشن میں پیش ہوگا، امجد حسین ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و صوبائی صدر پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حقِ ملکیت کا بل اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرا دیا ہے جو کہ اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ امید ہے اس بل کو پاس کرنے کے لئے حکومتی اراکین ہمارے ساتھ تعاون کرینگے تاکہ گلگت بلتستان کے عوام کو اس کالے قانون سے نجات مل سکے۔ امید ہے کہ حکومتی اراکین اس اہم ترین قانون سازی میں ہمارا ساتھ دیں گے کیونکہ یہ جی بی کے عوام کا بنیادی مسئلہ ہے۔ حق ملکیت بہت بڑا سبجیکٹ ہے، اس اہم ترین قانون سازی کے بعد جی بی کے عوام یہاں کی زمینوں کے مالک بن جائیں گے۔ ایک بیان میں امجد حسین ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ حقِ حاکمیت یعنی عبوری آئینی صوبے کے حوالے سے جی بی کی تمام جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات تشکیل دی جاسکیں اور اسکے بعد گلگت بلتستان اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے تاکہ متفقہ طور پر منظور ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبوری آئینی صوبے کے حوالے سے وفاقی سطح پر بھی کل جماعتی پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ قومی اتفاق رائے سے جی بی کا اہم ترین مسئلہ حل ہو سکے۔ اگر سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائے کے بغیر محض کریڈٹ کے لئے کوئی سیٹ اپ دیا گیا تو تسلیم نہیں کریں گے۔ جی بی کو حقوق دینے کے لئے قومی اتفاق رائے بہت ضروری ہے۔ پیپلزپارٹی کا ہدف جی بی کی معدنیات، جنگلات اور قدرتی وسائل پر قانون سازی کرنا ہے تاکہ یہاں کے عوام کو ان وسائل کا مالک بنایا جا سکے۔ گلگت بلتستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور بیروزگاری ہے، جب ان وسائل کی ملکیت عوام کو ملے گی تو غربت اور پسماندگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ ہم خواتین کے حقوق اور مسائل کے لئے بھی ہرممکن اقدامات کریں گے تاکہ وہ بھی بلا خوف و خطر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 903714
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش