0
Friday 18 Dec 2020 20:16

بلتستان یونیورسٹی کے وی سی اور رجسٹرار کو فوری ہٹایا جائے، سید باقر الحسینی

بلتستان یونیورسٹی کے وی سی اور رجسٹرار کو فوری ہٹایا جائے، سید باقر الحسینی
اسلام ٹائمز۔ نائب امام جمعہ سکردو سید باقر الحسینی نے کہا ہے کہ بلتستان یونیورسٹی اہل بلتستان کا اثاثہ ہے اور اس میں میرٹ کی پامالی برداشت نہیں کرینگے۔ نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ وائس چانسلر چاپلوس اور مکار ہے، فوری طور پر یونیورسٹی سے فارغ کیا جائے اور ساتھ ہی سفارش کی بنیاد پر تعینات رجسٹرار کو بھی تبدیل کیا جائے۔ یونیورسٹی کے معاملات پر ہماری گہری نظر ہے، اور اس میں ہونے والی بدعنوانیوں پر خاموش نہیں رہیں گے۔ اس سلسلے میں ہمیں بلتستان کے تمام مکاتب فکر، اہلسنت، اہلحدیث، نوربخشیہ اور اسماعیلی برادری کی مکمل حمایت اور اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ہمارے پی ایچ ڈی سکالرز مقابلے میں رہ جاتے ہیں جبکہ کم تعلیم یافتہ اور ناتجربہ کار کامیاب ٹھہرتے ہیں، یہ معاملہ سلیکشن بورڈ کو مشکوک بنا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام غیر قانونی و سفارشی بھرتیوں کو فوری کالعدم قرار دے کر قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں اور یہ بھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ سکیل ایک سے بارہ تک لینڈ ڈونرز کا حق ہے، لہٰذا ان اسامیوں پر لینڈ ڈونرز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی زمین کسی بھی ادارے کو دینے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے، اگر یونیورسٹی کی زمین کسی اور ادارے کو دی گئی تو ہم یہ زمین واپس لیں گے۔ آغا باقر الحسینی کا مزید کہنا تھا کہ تمام سیاسی نمائندوں بالخصوص سکردو حلقہ ایک اور حلقہ دو کے نمائندے، گورنر گلگت بلتستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلتستان یونیورسٹی میں ہونے والی میرٹ کی پامالی کو روکیں رونہ سخت عوامی ردعمل کا سامنا کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 904565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش