0
Friday 25 Dec 2020 20:34

جامعہ این ای ڈی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے 26ویں سالانہ جزل اجلاس کا انعقاد

جامعہ این ای ڈی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے 26ویں سالانہ جزل اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ ملکی اور صوبائی معیشت میں سندھ کی شراکت داری کا سہرہ انجینئرز، انجینئرنگ پیداوار اور انجینئرنگ سروسز کو جاتا ہے، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ای سی انجینئرنگ کمیونٹی کی واحد نمائندہ باڈی ہے، جس نے پوری دنیا کے اہم باڈیز میں ممبرشپ حاصل کی ہے، پی ای سی نے کورونا وائرس وباء کے دوران الیکٹرو میڈیکل ڈیوائسسز جیسا کہ وینٹی لیٹر اور دیگر آلات کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ این ای ڈی میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی 26ویں سالانہ جزل اجلاس 2020ء کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت پی ای سی کی تجاویز پر پروفیشنل انجینئرز کو ٹیکنیکل الاونس دینے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے انجینئرنگ سیکٹر میں بہتری کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زُور دیا، جبکہ اداروں کے درمیان مطابقت کو بھی خوش آئند قرار دیا۔

ترجمان جامعہ کے مطابق ایک روز قبل 39ویں جزل باڈی اجلاس میں چیئرمین پی ای سی جاوید سلیم قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے دو بنیادی کام، اوّل انجینئرنگ جامعات کی منظوری اور دوسرا تعمیراتی صنعت کی ریگولیشن کرنا ہیں، ورکنگ باڈی نے دو اہم فیصلے یہ کیے ہیں کہ 8 ہزار کمپنیوں پر سے جرمانہ معاف کیا گیا ہے، جو کہ موجودہ فیس کا 10 فیصد دے کر لائسنس ریونیو کروا سکتی ہیں، بڑی خبر یہ ہے کہ 1987ء سے لاگو بڈنگ دستاویز میں 2010ء کی بنیاد پر ترمیم کی گئی ہے، جو کہ آج سے تمام پاکستان کی تعمیراتی صنعت پر لاگو ہوگی، پی ای سی نے ایک بڑا فیصلہ حکومت پاکستان کو دونوں جزائر پر کام کرنے کیلئے اپنے 3 لاکھ انجینئرز دینے کی آفر کی ہے، جس پر فیس نہیں لی جائے گی۔

چیئرمین پی سی ای نے کہا کہ کراچی کے اجلاس میں انفرااسٹرکچر بنک کی منظوری بھی دی گئی ہے، جس کے تحت انوویشن اور انٹرپرنورشپ کیلئے سرمایہ کاری کی جائے گی، پاکستان میں موجود انجینئرنگ جامعات کی لیبس کی منظوری کے تمام اخراجات کی ذمہ داری بھی پی ای سی اٹھائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہم سے مشاورت کرے اور ہماری مشاورت قبول کرے، تاکہ ملکی ترقی کی نئی راہیں ہموار ہو سکیں۔ وائس چانسلر این ڈی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان بھر سے آئے انجینئرز کاشکریہ ادا کیا، وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں جامعہ این ای ڈی پچھلے 100 برسوں سے کردار ادا کرتی آئی ہے اور مزید بہتری کیلئے بھی کوشاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 906151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش