0
Monday 4 Jan 2021 16:57

وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے زمینی و فضائی رابطہ منقطع، 19 پروازیں منسوخ

وادی کشمیر کا بیرونی دنیا سے زمینی و فضائی رابطہ منقطع، 19 پروازیں منسوخ
اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر برف کی سفید چادر میں ملبوس ہوگئی ہے۔ یہ سال نو کی پہلی برفباری ہے جس کا جنوبی کشمیر میں زیادہ اثر رہا۔ برفباری کی وجہ سے سرینگر ہوائی اڈے پر اتوار کو آنے والی سبھی پروازیں متاثر ہوئیں جبکہ سرینگر جموں شاہراہ بند ہونے سے وادی کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب سے ہی برفباری کا سلسلہ شروع ہوا، جو اتوار اور پیر دن بھر وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھاری برفباری زیادہ تر جنوبی کشمیر میں ہوئی جہاں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بھاری برف گر سکتی ہے۔ جبکہ وادی کے دیگر علاقوں میں درمیانہ اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔

شہر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کو ہی تیز ہوائیں چلنے لگیں جس دوران ٹھنڈ میں اضافہ ہوا اور ساتھ ہی پہلے ہلکی بارش ہوئی اور اس کے بعد ہلکی برف باری شروع ہوئی جو اتوار کی صبح 12 بجے تک جاری رہی۔ شہر میں صبح کے وقت 3 یا 4 انچ برف ریکارڈ کی گئی تھی لیکن سہ پہر کے بعد بھاری برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔ لگاتار برف گرنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں خلل پڑا، حالانکہ صبح سویرے ہی برف ہٹانے والی مشینوں کو کام پر لگا دیا گیا تھا۔ شہر میں 4 بجے کے بعد شدید برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے حد نگاہ کم ہو کر رہ گئی اور گاڑیوں کو روشنیاں جلا کر چلنا پڑا۔ رات گئے تک قریب 6 انچ برف جمع ہوئی تھی۔
خبر کا کوڈ : 908011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش