0
Tuesday 5 Jan 2021 19:21

پاک فوج بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف فوری آپریشن کا آغاز کریں، علامہ مقصود ڈومکی

پاک فوج بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف فوری آپریشن کا آغاز کریں، علامہ مقصود ڈومکی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے مچھ بلوچستان میں گیارہ معصوم انسانوں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا یہ المناک سانحہ ریاستی اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہے، بزدل دہشتگردوں نے یزیدی کردار ادا کرتے ہوئے نہتے اور بے گناہ مزدوروں کو جس ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا ہے، اس سے ہر باضمیر انسان غم اور اندوہ کی کیفیت میں ڈوب گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایک تسلسل کے ساتھ ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے شیعیان علی کا قتل عام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مسلسل اپنی مذموم کارروائیوں کے ذریعے پر امن شہریوں کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاک فوج اور ریاستی ادارے ان سفاک انسان دشمن دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹریننگ کیمپس ان کی پناہ گاہوں اور ان کے مالی سپورٹرز کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ المناک واقعہ گذشتہ کئی سالوں سے جاری ہزارہ شیعہ نسل کشی کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس المناک سانحہ کے غم میں وارثان شہداء کے ساتھ ہیں۔
خبر کا کوڈ : 908299
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش