0
Wednesday 6 Jan 2021 19:28

قاضی حسین احمد ایک فرد نہیں بلکہ ایک پوری جہدوجہد کا نام ہے، سراج الحق

قاضی حسین احمد ایک فرد نہیں بلکہ ایک پوری جہدوجہد کا نام ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد مرحوم کی آٹھویں برسی کی مناسبت سے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنس کے شرکاء نے سابق امیر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قاضی حسین احمد مرحوم کو فرد نہیں بلکہ ایک جہدوجہد کا باب قرار دیا۔ تعزیتی ریفرنس میں بڑی تعداد میں علماء و مشائخ نے شرکت کی۔ تعزیتی ریفرنس میں صدارت امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کی۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ قاضی حسین احمد پوری اُمت مسلمہ کو ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنانا چاہتے تھے، وہ ایک فرد نہیں بلکہ ایک پوری جہدوجہد کا نام تھے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ وہ رنگ و نسل سے بالاتر شخصیت تھے، جنھوں نے سامراج کیخلاف جہاد کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں مقررین نے سابق امیر جماعت اسلامی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم امید کی شمع تھے، جو اُمت کو امید کا پیغام دے کر رخصت ہوئے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، تحریک بیداری امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، سینیئر تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی، پیر ہارون گیلانی، ڈاکٹر طارق شریف زادہ، مفتی عاشق حسین بخاری، پیر سید نوبہار شاہ نے بھی خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قاضی حسین احمد کے حالات زندگی پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔ ریفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی (ن) لیگ کیلئے کبھی بھی سندھ حکومت کی قربانی نہیں دے گی، بلکہ (ن) لیگ کے لوگ بھی نہیں چاہتے کہ وہ استعفے دیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے نیا پاکستان کا نعرہ لگا کر ہر شہر میں نیا قبرستان دیا ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کی لڑائی کی وجہ سے پرویز مشرف کو موقع ملا تھا، اب ایسا کوئی موقع نہیں دینا ہوگا، ویسے بھی پی ٹی آئی حکومت وہی کر رہی ہے، جو اسے کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پی ڈی ایم میں چند باتوں پر اختلافات ہیں، لیکن یہ سب ایک ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ اسے مہنگائی اور بیروزگاری پر جو ترقی کی ہے، اس کو نوبل پرائز دیا جائے۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کے حامی ہیں کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو ڈائیلاگ کرنا چاہیئے اور شفاف الیکشن پر بات کرنی چاہیئے، تمام سیاسی جماعتیں ہوائی فائرنگ کی بجائے شفاف الیکشن پر کام کریں، کیونکہ سیاست، جمہوریت اور ایوانوں کو بچانے کی خاطر شفاف الیکشن ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 908509
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش