0
Monday 18 Jan 2021 08:19

نشریات میں مداخلت کا الزام لگا کر بی بی سی نے پاکستان میں سیربین بند کر دیا

نشریات میں مداخلت کا الزام لگا کر بی بی سی نے پاکستان میں سیربین بند کر دیا
اسلام ٹائمز۔ برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) نے کہا ہے کہ اردو سروس کی خبریں اور کرنٹ افیئر کے پروگرام سیربین کے بلیٹن میں مداخلت کی وجہ سے آج ٹی وی پر نشریات ختم کردیں۔ اس اقدام کا مطلب ہے بی بی سی اردو کے بلیٹن اب پاکستان میں ٹیلی وژن دیکھنے والوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ بی بی سی ورلڈ سروس کے ڈائریکٹر جیمی انگوس نے کہا کہ بی بی سی کو اکتوبر 2020 سے ہمارے نیوز بلیٹن میں مداخلت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے کارپوریشن نے آج ٹی وی کو بہت وقت دیا۔
 
انہوں نے کہا کہ (ہم) نے آج ٹی وی کو ان کی کوششوں کے لیے بہت وقت دیا کہ وہ پروگرام نشر کرنے کی سہولت پر واپس آجائیں، چونکہ یہ مداخلت جاری رہی اور دونوں طرف سے نیک نیتی سے کی جانے والی کوششوں کے باوجود بی بی سی کے پاس شراکت کو فوری طور پر ختم کرنے کے سوا کوئی متبادل نہیں تھا، ہمیں افسوس ہے پاکستان میں ہمارے سامعین کو رکاوٹ کا سامنا رہا۔ انہوں نے ناظرین کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ ہماری ویب سائٹ، فیس بک پیج اور یوٹیوب چینل کے ذریعے بی بی سی اردو کے پروگرام تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
 
ڈائریکٹر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے پروگراموں میں کوئی مداخلت ہمارے سامعین کے ساتھ اعتماد کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس کی بی بی سی اجازت نہیں دے سکتا۔ بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق بی بی سی ورلڈ سروس نے 2014 میں شراکت کے معاہدے کے تحت آج ٹی وی پر پروگرام نشر کرنا شروع کیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اس معاہدے کے مطابق بی بی سی، اپنی آزاد ادارتی پالیسی، مقامی زبان، مقامی سامعین اور مقامی ٹی وی چینل کے مطابق اس پروگرام کو تشکیل دیتا ہے۔ بی بی سی نے متعدد ممالک میں نجی چینلز کے ساتھ اس طرح کے معاہدے کیے ہیں لیکن ادارتی پالیسی بی بی سی کے ماتحت رہتی ہے۔ 
 
2019 میں بی بی سی اردو نے سیربین کی ریڈیو نشریات کو ختم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی ترجیح ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم اور ٹیلی ویژن ہوگی۔ بی بی سی اردو کی ایک رپورٹ نے اس وقت کہا گیا تھا کہ پاکستان میں بی بی سی کے سامعین، قارئین اور ناظرین کی بہتر خدمت اور ہمارے وسائل کے مناسب استعمال کے مقصد کے حصول کے لیے میڈیا آؤٹ لیٹ کی شارٹ ویو کی نشریات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق 2018 میں بی بی سی کے ایک عوامی سروے میں انکشاف ہوا تھا کہ ٹی وی سامعین میں تیزی سے اضافے اور ڈیجیٹل میڈیا تک وسیع پیمانے پر رسائی کی وجہ سے شارٹ ویو پر ریڈیو سننے والوں کی تعداد پاکستان میں بہت زیادہ کم ہوگئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 910678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش