0
Thursday 4 Feb 2021 08:38

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان جشنِ کوثر کا انعقاد

جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے زیراہتمام عظیم الشان جشنِ کوثر کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے زیراہتمام صدیقۃ الکبریٰ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیھا کی ولادت با سعادت کے پرمسرت موقع پر عظیم الشان جشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس جشن کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کی سعادت بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری جناب کریم منصوری نے حاصل کی۔ انہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں سورہ کوثر کی تلاوت کرکے محفل کو چار چاند لگائے، حاضرین قاری کریم منصوری کی تلاوت پر بے ساختہ داد دیتے رہے۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد جامعہ  کے طالب علم جناب آقای غلام علی نے سیدہ کونین کی بارگاہ میں قصیدے کی صورت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا، ان کے بعد جامعہ کے طالب علم اور شاعر جناب سکندر علی ناطق نے اپنے اشعار کے ذریعے جشن کی رونق میں اضافہ کیا اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے حضرت سیدہ ؑ کی بارگاہ میں خوبصورت اشعار پڑھ کر  محفل کی رونق میں اضافہ کیا اور سامعین سے داد سمیٹی۔

اس جشن کے مہمان خصوصی جناب حجت الاسلام و المسلمین داد سرشت تھرانی نے جشن سے خطاب کیا اور حضرت سیدہ ؑ کے فضائل  و مناقب کو بیان کیا۔ انہوں نے قرآنی آیات کی روشنی میں بتایا کہ حضرت سیدہ ؑ عطیہ خداوند اور سورہ کوثر کی تفسیر ہیں، جس کے دینے کا اللہ نے پہلے وعدہ کیا تھا اور ساتھ یہ بھی فرمایا تھا کہ جب ہم دیں گے تو اے رسول تم اس سے راضی ہو جاو گے۔ آغا تہرانی نے فرمایا کہ سیدہ کونین حضرت فاطمۃ الزہرؑا کی اولاد نے اسلام کو بچایا اور پھیلایا ہے۔ اس عہد میں ان کے فرزند امام خمینیؒ نے اسلام کا بول بالا کر دیا۔ پوری دنیا مخالف تھی، آج چار دہائیوں بعد دیکھیں تو انقلاب اسلامی مضبوط تر ہوچکا ہے۔

اس پروگرام میں محترم حجۃ الاسلام و المسلمین تہرانی، بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری کریم منصوری اور مدیر مدرسہ برادران اسلام آباد حجۃ الاسلام والمسلمین انیس الحسنین خان، مسئولین، اساتید اور طلاب کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر روزِ خواتین کی مناسبت سے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ اسلام آباد کے مسئولین، اساتید اور طلاب کو تحائف سے نوازا گیا۔ اس پروگرام کی نظامت مولانا لیاقت اعوان صاحب نے کی۔ پروگرام کے اختتام پر حاضرین نے نماز باجماعت ادا کی اور دسترخوان سیدہ دو عالم سے مستفیذ ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 914227
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش