0
Friday 5 Feb 2021 21:43

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت شہداء کشمیر کی یاد میں دعائیہ اجتماع و چراغاں

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت شہداء کشمیر کی یاد میں دعائیہ اجتماع و چراغاں
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے زیر اہتمام نمائش چورنگی پر شہداء کشمیر کی یاد میں دعائیہ اجتماع و چراغاں کیا گیا، جس میں علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر زیدی، علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، میر تقی ظفر، علامہ صادق جعفری، علامہ اظہر حسین، علامہ سجاد شبیر رضوی، اہلسنت عالم دین مولانا منظر الحق تھانوی، سابق رکن سندھ اسمبلی قمر عباس رضوی سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شمع روشن کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عوام کی خواہشات کے مطابق ہونے کا وقت آن پہنچا ہیں، ظالم کا زوال جب قریب آئے تو اس کا ظلم بڑھ جاتا ہے، بھارتی حکومت کی جانب سے اقلیتوں پر ڈھائے جانے والے مظالم میں شدت عوامی بغاوت کی راہ ہموار کررہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برصغیر کی تقسیم کے طے شدہ فارمولے کے مطابق خود مختار ریاستوں کے مستقبل کا فیصلہ ان کے عوام کی منشاء کے مطابق ہونا تھا لیکن کشمیر کے ہندو راجہ نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف طاقت کے زور سے کشمیر کو بھارت میں شامل کرنے کی کوشش کی، کشمیر کے عوام اور پاکستان کی بھرپور مزاحمت پر بھارت نے اقوام متحدہ سے مدد مانگی اور انسانی حقوق کے اس نام نہاد علمبردار نے جنگ بندی کراتے ہوئے رائے شماری کا اعلان کیا، جو ستر سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی نہ ہوسکی، بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور غیر جمہوری رویہ مقبوضہ کشمیر کے باسیوں کو حق خود ارادیت دینے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بھارت جو خود کو جمہوریت کا چمپیئن سمجھتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اس کا رویہ سخت ترین آمروں سے بھی بدتر ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ اقلیتوں پر بھارتی حکومت کے بڑھتے ہوئے مظالم ان کی نام نہاد جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہیں، مودی حکومت ظلم و بربریت کے جو داستانیں رقم کرنے میں مصروف ہے اس کا خمیازہ بھارت کے ٹکروں کی صورت میں اسے بھگتنا پڑے گا، کسی بھی جمہوری ریاست میں اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو طاقت کے زور پر دبایا نہیں جا سکتا، سکھ برادری پر وحشیانہ تشدد جیسے واقعات پر پوری دنیا میں احتجاج کیا جانا بھارت سے نفرت کا عملی اظہار ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ گزشتہ کئی عشروں سے جاری ہے، امت مسلمہ نے ذاتی منفعت کو اپنے دین پر مقدم کر رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج مسلمان پوری دنیا میں زوال کا شکار ہیں، مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظللوم عوام کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہماری اخلاقی و شرعی ذمہ داری ہے، ہماری رگوں میں جب تک خون کی ایک رمق بھی باقی ہے ہم بھارت اور اس کے حواریوں کے غاصبانہ اقدامات کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 914516
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش