0
Tuesday 23 Feb 2021 20:58

وادی کشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کے مودی حکومت کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق عبداللہ

وادی کشمیر میں حالات ٹھیک ہونے کے مودی حکومت کے دعوے سراسر جھوٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق عبداللہ
اسلام ٹائمز۔ مودی حکومت کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کریں تاکہ خطے میں امن و امان کا ماحول قائم ہوسکے۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں رگھوناتھ بازار کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کے ساتھ بات کی اور انہیں درپیش مسائل و مشکلات سے بھی آگہی حاصل کی۔ اُن کے ہمراہ صدرِ صوبہ جموں دیویندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران ایس ایس سلاتیہ اور سجاد شاہین بھی تھے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جو لوگ اس بات کے دعوے کررہے ہیں کہ حالات بالکل ٹھیک ہیں اور ملی ٹنسی ختم ہوگئی ہے وہ سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، ملی ٹنسی اس وقت بھی موجود ہے اور یہی سچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ بات کریں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ مجھے شری اٹل بہاری واجپائی کے وہ ریمارکس یاد ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ ’دوست تبدیل کئے جاسکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں‘، اس لئے میں مودی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کیساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں اور ٹھیک اُسی طرح مسائل کا حل تلاش کریں جس طرح سے چین کے ساتھ سرحد پر فوجیوں کی واپسی کیلئے بات چیت کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 917960
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش