0
Tuesday 16 Mar 2021 07:37

ترکی کی میزبانی میں طالبان کیساتھ انقرہ میں مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حنیف آتمار

ترکی کی میزبانی میں طالبان کیساتھ انقرہ میں مذاکرات کیلئے تیار ہیں، حنیف آتمار
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے وزیر خارجہ حنیف آتمار کا کہنا ہے کہ ترکی کی میزبانی میں طالبان کے ساتھ انقرہ میں مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان وزیر خارجہ نے ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو سے ٹیلی فون پر بات گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی افغانستان کا ایک بااعتماد دوست اور بھائی ہے، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا اگلا دور ترکی میں کرنے کے لئے بالکل تیار ہیں۔ حنیف آتمار کا کہنا تھا کہ دہائیوں کی خانہ جنگی سے تباہ حال افغانستان کو امن کی اشد ضرورت ہے، امید ہے کہ ترکی میں ہونے والے مذاکرات سے جنگ بندی کی راہ ہموار ہو گی۔

ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لئے ترکی اپنی تمام توانائیاں صرف کرے گا، افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے پہلے مرحلے میں ہی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فریقین جنگ بندی پر لازمی عمل درآمد کریں۔ واضح رہے کہ امریکہ نے ترکی سے افغان امن مذاکرات کی میزبانی کی درخواست کی تھی، جس میں خطے کے دیگر ممالک پاکستان، روس، چین، ایران اور ہندوستان کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 921746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش