0
Saturday 24 Apr 2021 22:46

حالات خراب ہوئے تو لاک ڈاؤن لگا دیں گے چاہے وفاق لگائے یا نہ لگائے، ناصر حسین شاہ

حالات خراب ہوئے تو لاک ڈاؤن لگا دیں گے چاہے وفاق لگائے یا نہ لگائے، ناصر حسین شاہ
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال اس وقت انتہائی تشویش ناک ہے، ہم مکمل لاک ڈاون کے لئے تیار ہیں، سندھ حکومت کے سنجیدہ اقدامات کی وجہ سے سندھ دیگر صوبوں کی نسبت کورونا کی شرح کم ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئےجہاں ضرورت محسوس ہوئی فوج سے مدد لیں گے، سندھ حکومت کے فیصلوں کو پولیٹسائز کرتے ہوئے پوائنٹ اسکورننگ کی جاتی ہے جو نامناسب ہے، سندھ حکومت نے ایک کروڑ ویکسینیشن کا آرڈر دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سب نے دیکھ لیا ہے کہ اس وقت ہمارے ہمسایہ ملک میں کیا حالات ہیں؟ اس لئے ہم نے ابھی سے اس پر عملدرآمد کرنا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق سندھ حکومت نے اپنے ہسپتالوں میں بہت زیادہ اس پر فوکس کیا ہے کہ کووڈ سے متعلقہ جتنی بھی سہولیات بڑھا سکیں وہ ہم نے کیں، یہی وجہ ہے کہ آپ کو کورونا کی شرح سندھ میں کم ملے گی اور پھر ہمارے پاس وینٹی لیٹر اور بیڈز کی دستیابی بھی ہے، پورے صوبے کے ساتھ کراچی میں بھی یہ تمام سہولیات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی جو بات ہے، ظاہر ہے ہمیں اس کی طرف جانا ہے لیکن جس طرح وفاقی و صوبائی حکومتوں نے مل کر ایک پلان بنانا ہے، جو ہماری تاجر برادری یا چھوٹے کاروبار والے ہیں ان کا بھی خیال رکھا جائے، جہاں تک ایس او پیز کی بات ہے تو اس پر عمل کرانے کی پوری کوشش کی جاتی ہے لیکن اس پر عمل نہیں ہوتا، اس کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ جو ہماری طرف سے مکس میسجز جا رہے ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے کچھ اور جبکہ صوبائی حکومتوں کی طرف سے کچھ اور، یہ میسج لوگوں پر اثر انداز ہوتے ہیں، سیاسی چیزیں بھی اثر انداز ہوتی ہیں اور لوگ دیکھتے ہیں کہ یہ سارا کچھ تو ہوا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ہے، کل بھی میٹنگ ہوئی پھر وزیراعظم کے ساتھ اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور میں بھی موجود تھا، جتنی ٹاسک فورس ہیں سب اس اجلاس میں شامل تھے۔

ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے دن یہ کہا تھا بلکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے تو کافی دن پہلے اسلام آجاکر وزیراعظم سے درخواست کی تھا کہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ اور دیگر چیزیں ہیں ان کو بند کیا جائے تاکہ یہ وائرس ایک سے دوسری طرف منتقل نہ ہو سکے اور اس کا پھیلاؤ روکا جا سکے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوا، ہم لاک ڈاون کے لئے بھی تیار ہیں تاہم اب وفاق سنجیدہ ہے، وزیراعظم نے کل خود کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو مکمل لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کے کسی فیصلے کے لئے جو بہتری کے لئے ہو ہم نے کبھی رد نہیں کیا لیکن ہم جب بھی کوئی فیصلہ کرتے ہیں یا کوئی بات کرتے ہیں تو اس کو پولیٹسائز کیا جاتا ہے، پوائنٹ اسکورننگ کی جاتی ہے جو انتہائی نامناسب ہے، یہ قومی ایشو ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ایک جیسے فیصلے ہوں، اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ہم لاک ڈاؤن لگا دیں گے چاہے وفاق لگائے یا نہ لگائے۔
خبر کا کوڈ : 929049
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش