0
Tuesday 27 Apr 2021 22:15

این اے 249 کا ضمنی انتخاب، ایم ڈبلیو ایم اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کارنر میٹنگ

این اے 249 کا ضمنی انتخاب، ایم ڈبلیو ایم اور پیپلز پارٹی کی مشترکہ کارنر میٹنگ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی غربی کے تحت این اے 249 کے ضمنی انتخاب کیلئے کارنر میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں ضلعی قائدین نے بلدیہ ٹاؤن میں پیپلز پارٹی حلقہ این اے 249 کے امیدوار اور رہنماؤں کا استقبال کیا۔ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق اعوان نے پی پی پی کی حمایت کرنے پر مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قادر خان مندوخیل دونوں پارٹیوں کے مشترکہ اور مضبوط امیدوار ہیں، پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، جس نے آئین کی بالادستی کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، حلقہ این اے 249 میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں، حلقے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، تحریک انصاف نے تبدیلی کے جھوٹے نعرے لگائے، 29 اپریل حقیقی تبدیلی کا دن ہے، انتخابات میں جیت کر حلقے کی تقدیر بدل دیں گے، حلقے کو شہر کا رول ماڈل بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مبشر حسین نے کہ تبدیلی کے ثمرات محض سوشل میڈیا تک محدود ہیں، عملی زندگی میں بڑھتے ہوئے مسائل نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، قادر خان مندوخیل حلقے کے رہائشی ہیں اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، وہ حلقے کی محرومیوں کو ترجیحی بنیادوں پر دور کریں گے، حلقے کے عوام تحریک انصاف کے امیدوار سے یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ حلقے کا بجٹ کہاں لگایا، این اے 249 کے سابق امیدوار فیصل واوڈا کیخلاف نیب انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں، قادر خان مندوخیل جیت کر حلقے میں تعلیم و صحت کے مسائل حل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت اس لئے کی ہے کہ انہوں نے حلقے کے عوام کے مسائل کے حل کا وعدہ کیا ہے، امید کرتے ہیں کہ قادر مندوخیل منتخب ہوکر اپنے وعدے کا پاس رکھیں گے اور فیصل واوڈا کی طرح حلقے سے غائب نہیں ہونگے۔

قادر خان مندوخیل نے کہا کہ فیصل واوڈا نے بجٹ میں گھپلا کیا، حلقے میں ترقیاتی کام سب کے سامنے ہیں، 2018ء الیکشن کے بعد بلاول بھٹو نے 2 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جو مکمل ہوگئے، قیادت کے شکر گزار ہیں کہ حلقہ این اے 249 میں نشست نہ ہونے کے باوجود کام کروائے۔ انہوں نے کہا کہ میڑوپولیٹن سٹی ہونے کے باوجود اس حلقے میں پانی و سیوریج کا نظام نہیں ہے، حلقے میں صحت و تعلیم کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اسپتال و یونیورسٹی بنائیں گے، حلقے میں حمایت پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کارنر میٹنگ میں علامہ صادق جعفری، مولانا علی انور جعفری، میر تقی ظفر، رکن سندھ اسمبلی لیاقت اسکانی کے علاوہ کثیر تعداد میں مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھی۔
خبر کا کوڈ : 929570
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش