0
Friday 7 May 2021 23:03

یوم القدس، گلگت بلتستان کی فضاء امریکہ، اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی

یوم القدس، گلگت بلتستان کی فضاء امریکہ، اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان میں بھی عالمی یوم القدس کو  پورے جوش و جزبے سے منایا گیا۔ بعد نماز جمعہ یوم القدس کی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، گلگت سکردو روڑ، گلگت غذر روڑ سمیت شاہراہ قراقرم پر سات مختلف مقامات پر بھرپور مظاہرے ہوئے۔ ان مظاہروں کے دوران امریکہ اور اسرائیل مردہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم اور ان کے سربراہوں کے پتلے بھی نذرآتش کیے اور ان سے نفرت کا اظہار کیا گیا۔ القدس ریلیوں میں مظاہرین نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر امریکہ، اسرائیل، بھارت مخالف نعرے درج تھے، القدس ریلیوں میں علماء کرام، مذہبی و سیاسی اکابرین اور بڑی تعداد میں تمام مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ گلگت کی مرکزی یوم القدس ریلی مرکزی امامیہ کونسل کے زیر اہتمام جامع مسجد سے قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان آغا سید راحت حسین الحسینی کی قیادت میں  نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں فرزندان توحید نے شرکت کی۔

ریلی کے مرکزی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا سید راحت حسین الحسینی نے کہا کہ یوم القدس مسلمانوں کے اتحاد کا دن ہے، امت مسلمہ اتحاد و وحدت کا مظاہرہ کرتی تو اسرائیل کا ناپاک وجود آج کہیں نظر نہ آتا، لیکن بدقسمتی سے اس مسئلہ پر ایران کی قیادت کے علاوہ مسلم اقوام سامنے نہیں آ رہی ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ القدس کی آزادی کیلئے کوئی دوسرا اسلامی ملک خاص طور پر اسلامی جمہوریہ پاکستان سامنے آئے تو ملت تشیع کو صف اول ہی پائیں گے۔ انہوں نے کہا دنیا میں کوئی سنی شیعہ مسئلہ نہیں، سب مسلمان آپس میں بھائی ہیں، فرقہ واریت امریکہ اسرائیل اور برطانیہ کی ایجاد ہے جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان اختلاف پیدا کرتے ہیں۔ مسلم اقوام کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ القدس کا مسئلہ مسلم اقوام کے اتحاد پر مضمر ہے، بقول امام خمینی رضوان اللہ اگر تمام مسلمان متحد ہو کر ایک ایک بالٹی پانی اسرائیل پر انڈیل دیں تو اس کا خاتمہ ہو جائے۔

آغا راحت حسین الحسینی نے مزید کہا کہ آج فلسطین کی غیور ملت نے مزاحمت اور جہاد و شہادت کے جوہر عظیم کی شناخت کرکے عزت و سعادت کا راستہ اختیار کر لیا ہے۔ القدس کے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید اختر حسین رضوی نے کہا فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کے لئے یوم القدس منانا امام خمینی (رہ) کا دور اندیش اقدام تھا جو ہماری دینی، ملی اور اخلاقی غیرت کا تقاضا بھی ہے۔ امت مسلمہ جسد واحد کے مصداق ہے، لہٰذا فلسطین کے مظلوم مسلمان بھائیوں کا دکھ درد بھی ہمارا ہے، دنیا بھر کے مسلمان انہیں کسی طور بھی یہود و نصاریٰ کے خونی پنجہ استبداد میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔ ہمارا ایمان ہے کہ فلسطین ایک دن ضرور اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگا اور قبلہ اول بیت المقدس میں دنیا بھر کے مسلمان آزادانہ نمازیں ادا کرسکیں گے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر مرکزی امامیہ کونسل گلگت بلتستان ڈاکٹر ہدایت علی نے کہا فلسطین کے مظلوم مسلمان بھائیوں کا دکھ درد ہمارا درد ہے، ہم سب مسلمان ہیں، پاکستان میں سنی شیعہ کوئی مسئلہ نہیں چند شرپسند گروہ استعماری قوتوں کے اشاروں پر فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔

القدس کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القران گلگت بلتستان کے کوآرڈینیٹر ایڈوکیٹ اورنگزیب قریشی نے کہا کہ القدس کا مسئلہ کسی ایک مسلک کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور ہمیں ایک قدم بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیئے، ناجائز ریاست اسرائیل نے امت مسلمہ کے مقدس ترین مقام یعنی قبلہ اول پر ناجائز قبضہ کرکے وہاں پر موجود معصوم و مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم کی داستانیں رقم کی ہیں، ان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ جب تک مسلمان متحد نہیں ہوتے، القدس کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔  مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او گلگت ڈویژن کے صدر معین عباس نے کہا غاصب صیہونی ریاست جس کی بنیاد ظلم پر ہے اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کی ہے، مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے، آج پوری دنیا میں مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے حق میں احتجاج ہو رہا ہے، ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں ہر سال ماہ رمضان کے آخری جمعہ، جمعتہ الوداع کو سرکاری طور پر عالمی یوم القدس منایا جائے۔

ادھر انجمن امامیہ بلتستان کی کال پر سکردو میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سے بڑی القدس ریلی نکالی گئی، جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت میں نعرے درج تھے، یادگار چوک پر القدس ریلی جلسے میں بدل گئی۔ مقررین نے فلسطین، شام، یمن، لیبیا میں مسلمانوں پر جاری مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن امامیہ بلتستان کے صدر آغا سید باقر الحسینی، آغا سید علی رضوی، شیخ ذولفقار علی، شبیر حافظی و دیگر نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے خلاف برسرپیکار ہیں مگر ہم آپس میں بٹے ہوئے ہیں، جب تک ہم اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ نہیں کریں گے تب تک مسلم امہ کو مسائل سےچھٹکارہ نہیں مل سکتا۔ ہماری چپقلش سے دشمن فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مسلم امہ کے خلاف نت نئی سازشیں کر رہے ہیں، ہمیں ان ظالم اور جابر قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہونا ہوگا۔

دریں اثناء گمبہ سکردو میں بھی نماز جمعہ کے بعد بڑی ریلی نکالی گئی جو سی ایم ایچ چوک پر جلسے میں بدل گئی۔ جامع مسجد گیول سے بھی نماز جمعہ کے بعد القدس ریلی نکالی گئی۔ القدس ریلی یادگار چوک پہنچ کر انجمن امامیہ کے زیر اہتمام نکالی گئی مرکزی ریلی میں شامل ہو گئی۔ جامع مسجد گیول سے نکالی گئی ریلی کی قیادت حجتہ الاسلام شیخ محمد علی شریعتی اور نذیر آنصاری نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ دوسری جانب، ہنزہ، نگر اور ضلع استور میں بھی جمعہ اجتماعات کے بعد یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں جن کی قیادت علماء کرام اور ملی تنظیموں کے رہنماوں نے کی۔
خبر کا کوڈ : 931356
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش