0
Saturday 15 May 2021 20:31

پنجاب کا حق بھی لینا نہیں چاہتے لیکن سندھ کا حق بھی نہیں چھوڑیں گے، سہیل انور سیال

پنجاب کا حق بھی لینا نہیں چاہتے لیکن سندھ کا حق بھی نہیں چھوڑیں گے، سہیل انور سیال
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کی جانب سے مبینہ طور پر پانی چوری کرنے پر پیپلز پارٹی نے سندھ پنجاب سرحد پر دھرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ پنجاب سرحد پر دھرنے کا اعلان کردیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ صوبہ پنجاب سندھ کے حصے کا پانی چوری کررہا ہے اور پانی چوری بند نہ ہونے پر احتجاجاً دھرنا دیا جائے گا جب کہ سندھ اسمبلی میں پنجاب اور وفاقی حکومت کے اس عمل کے خلاف قراداد بھی لائیں گے۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس وقت مجموعی طور 50 فیصد پانی کی قلت ہے، سکھر بیراج پر 20 فیصد اور کوٹری بیراج پر 44 فیصد پانی کی کمی واقع ہورہی ہے، اپنے حصے کا پانی نہ ملنے کے باوجود بلوچستان کو اس کے حصے کا پانی دے رہے ہیں، صوبے میں پانی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے، نااہل وفاقی حکومت کی وجہ سے سندھ کی زمین بنجر ہوتی جارہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار پانی روک کر ریاست یزید کا کردار ادا کررہے ہیں، پانی چوری کھلی بدمعاشی ہے، پنجند اور تونسہ پر موجود ہمارے نمائندے کو بھی نکال دیا گیا ہے، موجودہ نااہل حکومت جان بوجھ کر زراعت کے شعبے کو تباہ کررہی ہے، لوگ پانی کو ترس رہے ہیں۔

صوبائی وزیر سہیل انور سیال کا کہنا ہے کہ بد قسمتی سے سندھ کو اس کے حصے کا پانی نہیں مل رہا ہے، ارسا سے بھی ہمارا مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے، سندھ 15 سے 20 فیصد پانی کی مزید کمی برداشت کررہا ہے، کوٹری بیراج پر 40 فیصد سے زیادہ پانی کی کمی ہے، پنجاب چشمہ لنک کینال سے 2 ہزار کیوسک پانی حاصل کررہا ہے جو غلط ہے۔ سہیل انور سیال نے کہا کہ سندھ کے لئے پانی ضروری ہے، چشمہ لنک کینال سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے سندھ میں پانی کی کمی ہے، سندھ کی حق تلفی نہ ہو ہم سندھ کا کیس سب کے سامنے رکھ رہے ہیں، ہم پنجاب کا حق بھی لینا نہیں چاہتے لیکن سندھ کا حق بھی نہیں چھوڑیں گے، ہم سندھ کے پانی کے لئے پنجاب بارڈر پر دھرنا دیں گے، ہم پنجاب اور وفاق کو متنبہ کررہے ہیں کہ سندھ کا بنجر بنانے کا خیال چھوڑ دیں۔
خبر کا کوڈ : 932691
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش