0
Sunday 30 May 2021 22:07

بلوچستان میں لوگوں کے معاشی حالات بدتر ہوچکے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

بلوچستان میں لوگوں کے معاشی حالات بدتر ہوچکے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پھس رہے ہیں، وزیراعلیٰ آنکھیں کھولیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر سنگین مسائل نے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ دو وقت کی روٹی کمانا موجودہ دور حکومت میں ناممکن ہوچکا ہے۔ عوامی فلاح، ترقی و خوشحالی کے تمام ادارے ناکام اور عوام پریشان ہیں جبکہ حکومت سب ٹھیک ہے کا راگ آلاپ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 38 فیصد گھرانوں کے معاشی حالات پہلے سے بد تر ہوچکے ہیں، جبکہ 46 فیصد افراد ایسے ہیں، جن کے معاشی حالات میں کسی قسم کا کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی کارکردگی صفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت دنیا بھر سے بھاری سود کے عوض قرضے لے رہی ہے، مگر وہ پیسہ کہاں خرچ ہو رہا ہے، کونسی ترقی ہو رہی ہے، کسی کو معلوم نہیں۔ حکومت و اسٹبلشمنٹ ملک کو بھاری سودی قرضوں کی مستقل دلدل میں پھنسا رہے ہیں، جو لمحہ فکریہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کونسا معاشی انقلاب ہے، جو صرف وزیراعظم، وزیروں اور مشیروں کو نظر آتا ہے، باقی پورے پاکستان میں کسی کو نظر نہیں آتا۔ حکومت نے دسمبر 2020ء تک 1.25 کھرب کا قرض لیا۔ کرونا وباء سے نمٹنے کے لئے 3098 ملین ڈالر موصول ہوئے، مگر وہ کہاں خرچ کیے گئے، اس کا جواب کسی کے پاس نہیں۔ اس حوالے سے تفصیلات قوم کے سامنے لائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تین برسوں سے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہوچکی ہیں۔ ایسے میں گروتھ ریٹ کے 4 فیصد ہونے کا دعویٰ مضحکہ خیز معلوم ہوتا ہے۔ جب تک عوام کی زندگی میں خوشحالی اور آسودگی نہیں آجاتی، اس وقت تک تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ جس شعبے پر بھی نظر دوڑائیں، وہ تباہ حالی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ قوم نے بلوچستان میں قوم پرست و نام نہاد مذہب پرستوں اور وفاق میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے بعد تحریک انصاف کی کارکردگی کو بھی دیکھ لیا ہے۔ سب خود مالا مال ہوئے جبکہ غریب عوام مزید بدحال اور پریشان ہیں۔ مدینہ کی ریاست کے دعویدار ملک میں سودی نظام کو ختم کرنے کے لیے تیار نہیں۔
خبر کا کوڈ : 935400
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش