0
Tuesday 1 Jun 2021 15:18

امریکی غلامی سے نجات وقت کی اہم ضرورت ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

امریکی غلامی سے نجات وقت کی اہم ضرورت ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سرزمین پاکستان پر امریکی اڈے خطرے کی گھنٹی اور غلامی کی دلیل ہوگی۔ امریکی غلامی سے نجات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ امریکہ نے جتنا نقصان پاکستان کو پہنچایا، اتنا کسی چیز نے نہیں پہنچایا۔ پوری قوم امریکی غلامی کے خلاف جبکہ مقتدر قوتیں ملک و ملت کے خلاف ہوکر امریکی ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ حکمران ہمیں امریکی غلامی سے نجات دلانے کے ساتھ قوم کو حقائق سے آگاہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اڈے کا قیام پورے خطے کو ایک نئی جنگ میں جھونکنے کے مترادف ہے۔ افغانستان سے نکلنے والی ناکام امریکی فوج پاکستان میں ٹھہرنے اور اڈے بنانے پر کیوں اصرار کر رہی ہے۔ یہ معاملہ بند کمروں کی بجائے پارلیمنٹ میں زیر بحث لایا جائے۔ امریکہ کو اڈے دینے کی وجہ سے خدا نخواستہ یہ خطہ ایک بار پر دہشت گردی کی بھینٹ چڑے گا۔

بدقسمتی سے ہماری نااہل حکومتوں نے ہمیشہ عوامی منشا کے خلاف امریکی غلامی کے ساتھ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔ اس کے ہر حکم کو بجا لا کر ملک کو مستقل دلدل و پریشانی میں دھکیل رہے ہیں۔ ملک، عوام اور وسائل کو گروی رکھ کر حکومت نے ہمیشہ بدترین گھاٹے کا سودا کیا ہے، جس کا خمیازہ قوم مدتوں سے بھگت رہی ہے اور ہماری آنے والی نسلیں بھگتیں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے سلگتے دیرینہ مسائل کو سننے اور حل کرنے والا کوئی نہیں۔ نااہل صوبائی و وفاقی حکومتوں نے اہل بلوچستان کو ہمیشہ ان کی حالت پر چھوڑ دیا ہے۔ بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ نہیں ہو رہے۔ بدعنوانی عروج پر ہے، ادارے اور حکومتیں بدعنوانوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ بلوچستان کے در و دیوار حکمرانوں کی غفلت و کوتاہی اور ان کی لوٹ مار کے گواہ ہیں۔ جب تک لٹیروں سے قومی دولت برآمد نہیں ہوگی، تبدیلی نہیں آئیگی۔ جماعت اسلامی ہی اس ملک و عوام کو امریکی غلامی ولوٹ مار کرنے والے نااہل غلام حکمرانوں سے نجات دلائیگی۔ عوام الناس بدعنوانی، بے حسی، لوٹ مار کے خلاف ہمارا ساتھ دیں۔
خبر کا کوڈ : 935701
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش