0
Thursday 3 Jun 2021 22:18

حکومت نے کرونا کی آڑ میں تعلیمی نظام تباہ کر دیا، لیاقت بلوچ

حکومت نے کرونا کی آڑ میں تعلیمی نظام تباہ کر دیا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیاسی، قومی اُمور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت نے کرونا (کووِڈ 19) کی آڑ میں ملک کا تعلیمی نظام تباہ کر دیا ہے۔ ابہام در ابہام نے تعلیم، امتحانی نظام اور طلبہ و طالبات کی یکسوئی کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ حکومت ہر محاذ پر نااہل اور ناکام ہے۔ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس کو حکومتی کالا قانون قرار دیکر تمام صحافتی اور جمہوری تنظیموں نے مسترد کر دیا ہے۔ مجوزہ آرڈیننس آزادی صحافت کے لیے جلاد اور صحافیوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ حکومت اور ریاستی ادارے، صحافت، میڈیا گروپس اور صحافیوں پر جابرانہ کنٹرول حاصل کر لیں گے۔ حکومتی کالے قانون کے سامنے آزادی صحافت بے بس اور میڈیا گروپس پر تالے ڈال دیئے جائیں گے۔ کالا قانون صحافت کے لیے عدلیہ کے دروازے بھی بند کرنے کا احمقانہ اقدام ہوگا۔

جماعتِ اسلامی آزادی صحافت کے لیے صحافی، ریڈیوز اور میڈیا گروپس کی مشترکہ جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ حکومتی کالے قانون کا پہلا شکار سینیئر صحافی حامد میر ہے۔ حامد میر کی پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا پر بندش بدترین انتقامی کارروائی ہے۔ حکومت میں اخلاقی جرات ہے تو معاملہ عدالت میں لائے، تاکہ آزادی صحافت پر ضرب اور قدغنیں ختم ہوں۔ لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے جواب میں کہا کہ حکومت اور حکومتی اتحاد عوام کے مفادات اور حقوق غصب کر رہا ہے۔ مہنگائی، غربت ناقابلِ برداشت، یوٹیلٹی بلز نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم نے بھی جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا خواب دیکھنے والے عوام کو مایوس کیا ہے۔ حکومت کے مقابل پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتوں کی ایک دوسرے کے مقابلہ میں الفاظ کی جنگی صورتِحال نااہل، ناکام اور عوام دشمن حکومت کیلئے وینٹی لیٹر کا کام کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 936127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش