0
Tuesday 8 Jun 2021 23:40

شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے اٹھارہ کروڑ 27 لاکھ روپے کے فنڈز جاری

شمالی وزیرستان کے متاثرین کیلئے اٹھارہ کروڑ 27 لاکھ روپے کے فنڈز جاری
اسلام ٹائمز۔ پروانشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی خیبر پختونخواہ (پی ڈی ایم اے) نے شمالی وزیرستان کے آپریشن ضرب عضب کے متاثرین کیلئے ماہانہ گذارہ الاؤنس کی مد میں اٹھارہ کروڑ 27 لاکھ  روپے کے فنڈز جاری کر دیئے جو کہ حسب معمول سم کارڈ کے ذریعے آئندہ ایک دو دنوں میں تمام رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ٹی ڈی پیز کو موصول ہونا شروع ہو جائینگے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے شریف حسین نے میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ حالیہ ریلیز شدہ فنڈز اس سلسلے کی 82ویں قسط ہے جو کہ 12 ہزار فی خاندان کے حساب سے  شمالی وزیرستان کے 15 ہزار 229 ایسے تصدیق شدہ اور رجسٹرڈ خاندانوں کو دی جائیں گی، جن کی ابھی تک اپنے اپنے علاقوں میں واپسی نہیں ہوئی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اس سے ایک ہفتہ پہلے بھی ضلع خیبر اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کو راشن کی مد میں گیارہ کروڑ 52 لاکھ روپے کے فنڈز ریلیز کر دیئے گئے تھے۔ جس کی ترسیل سم کارڈ کے ذریعے مستحقین کو جاری ہے جبکہ حالیہ ریلیز شدہ اٹھارہ کروڑ 27 لاکھ روپے کے فنڈز بھی بہت جلد متاثرین کو ان کے رجسٹرڈ سم کارڈز کے ذریعے سے ملنا شروع ہو جائینگے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے بے گھر متاثرین کو باقاعدگی سے ماہانہ بنیادوں پر مالی مدد  اس لئے دے رہی ہے تاکہ بے گھر لوگوں کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 937023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش