0
Saturday 3 Jul 2021 14:11

گستاخ آئمہ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، قرار واقعی سزا دی جائے، ابتسام الہی ظہیر

گستاخ آئمہ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، قرار واقعی سزا دی جائے، ابتسام الہی ظہیر
اسلام ٹائمز۔ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی رہنماء حافظ ابتسام الہیٰ ظہیر نے اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ آئمہ کرام کی شان میں گستاخی کرنیوالے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، ہم اہلبیت اور صحابہ کرام کا دل سے احترام کرتے ہیں اور ان کی حرمت کے دفاع کیلئے دل و جان سے صف اول میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف منظم سازش کی جا رہی ہے اور گستاخ شخص کو ہمارا بھانجا بتایا جا رہا ہے جبکہ اس کیساتھ نہ ہمارا کوئی تعلق ہے نہ رشتہ داری۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سچائی پر کاربند رہنے کی تلقین کرتا ہے، افسوس کہ ہمارے معاشرے میں جھوٹ اور پروپیگنڈے کا چلن عام ہے، حرمت رسول کا مسئلہ ہو یا عظمت صحابہ و اہلبیت کا مسئلہ، ہم نے ہمیشہ فرنٹ فٹ پر آ کر گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر ہمیں ڈی گریڈ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، مگر ہمارا قافلہ درست سمت میں جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بدتہذیب، بدتمیز شخص کو ہمارا رشتہ دار ظاہر کرکے پروپیگنڈا کیا گیا، ہمارے خاندان کی تربیت میں گالی گلوچ کی کوئی گنجائش نہیں، ہم اہلبیت اور آئمہ حضرت علیؑ سے لیکر 12 آئمہ تک کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مجہول شخص کے بیان کو بنیاد بنا پر پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دلیل کے میدان میں ہارنے والے ہی جھوٹے الزامات لگاتے ہیں، صحابہ کے گستاخوں کی طرح اس مجہول شخص کو بھی گرفتار کرکے قرار واقعی سزا ملنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم محبان صحابہ اور محبان اہلبیت سے کہیں گے کہ ہم صحابہ و اہلبیت کی حرمت کا ہمیشہ دفاع کرتے رہے ہیں، ایسے اوچھے ہتھکنڈے ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن اکابرین کا احترام ہے، پروپیگنڈہ کرنیوالے مصالحت کی بجائے عداوت کے راستے پر چل رہے ہیں، پوری امت ایک پیج پر آکر گستاخان صحابہ اور گستاخان اہلبیت کیخلاف موثر اقدام کرے۔
خبر کا کوڈ : 941348
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش