0
Monday 9 Aug 2021 12:37

جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کیلئے پرعزم ہیں، امیر العظیم

جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کیلئے پرعزم ہیں، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی شاید دنیا میں واحد مثال ہے جس کا دستور پہلے بنا اور جماعت کی تشکیل بعد میں ہوئی۔ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے بیعت کو دستور پر عمل درآمد کے عہد سے بدل دیا۔ جب کوئی جماعت اسلامی کا حلف اٹھاتا ہے تو بار بار اس دستور کو دہراتا ہے۔ 80 سال گزر گئے تحریک اسلامی میں، آج تک کوئی گروپ نہیں بنا۔ جماعت میں نہ تو کوئی موروثیت کا نظریہ ہے اور نہ ہی یہاں امیر غریب کو الگ الگ عینک سے دیکھا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دختران اسلام اکیڈمی مری میں جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے زیر اہتمام لیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر العظیم نے کہا کہ نظم کی پابندی افراد کو رکنیت کے فرض تک پہنچاتی ہے۔ رکن بن کر سب سے اہم کام دیں کے علم کا حصول اور اسے لوگوں تک پہنچانا ہے۔ دستور کے مطابق جماعت کا نظام شورائی ہے اور تحریک کے تمام فیصلے قرآن و سنت کے اصولوں کے مطابق ہوں گے۔ نظم جماعت کے لیے شخصی اہمیت کی کوئی حیثیت نہیں بلکہ اصل بات یہ ہے کہ کس شخص نے جماعت کے لیے کیا قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کاموں میں عمل کے ساتھ ساتھ نیت کا صاف ہونا بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جماعت اسلامی شورائیت پر چلتی ہے، ہمیں مادی، جسمانی اور معاشی قربانیوں کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافی پہلو رکھنے والا ہمارا دوست ہے اور اس کی بات سنی جاتی ہے۔ لیڈرشپ ورکشاپ سے امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بلدیاتی الیکشن کی بھرپور تیاری کرنا ہوگی اور ہر سطح پر تنظیم کو منظم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی یوتھ سے بہت سے امیدیں وابستہ ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری کے لیے سودی نظام سے جان چھڑانا ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 947536
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش