0
Sunday 29 Aug 2021 20:56

جسٹس چند چوڑ نے عوام کو حکومت کی حقیقت سے آگاہ کردیا ہے، ڈاکٹر منظور عالم

جسٹس چند چوڑ نے عوام کو حکومت کی حقیقت سے آگاہ کردیا ہے، ڈاکٹر منظور عالم
اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف انڈیا کے جج جسٹس چند چوڑ نے بھارت کے دانشوران اور ارباب دانش کی توجہ جس جانب مبذول کرائی ہے اور انہیں جو کام کرنے کے لئے کہا ہے یہ بہت اہم اور قابل غور ہے۔ دانشوران کو چاہیئے کہ وہ اسے سنجیدگی سے لیں۔ ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ آف انڈیا کے جج کا یہ بیان بتارہا ہے کہ واقعی ملک کی صورتحال بہت زیادہ سنگین ہوچکی ہے، عوام سے حکومت جھوٹ بول رہی ہے اور حقائق اور سچائی عوام سے چھپائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اپنی ذمہ داری نبھانے اور ایمانداری برتنے کے بجائے مخصوص طبقہ اور گروپ کے ایجنڈا پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یہ احساس عوام، دانشوران اور ارباب دانش و بینش کا تھا، کچھ لوگ خاموش تھے اور کچھ لوگ بولنے کی کوشش کررہے تھے لیکن مجبور ہوکر اب خود سپریم کورٹ کے ایک جج کو بولنا پڑا ہے۔

ڈاکٹر محمد منظور عالم نے اپنے پریس نوٹ میں ملک میں پیش آرہے لگاتار ہجومی تشدد کے واقعات پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں روزانہ دو تین ماب لنچنگ، کرائم اور مسلمانوں، دلتوں اور پسماندہ لوگوں پر حملہ کے واقعات پیش آرہے ہیں اور مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لاء اینڈ آڈر بے قابو ہے جس کی وجہ سے شرپسندوں کے حوصلے اور بڑھ گئے ہیں۔ ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جسٹس چندر چوڑ کے بیان کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے کہا کہ دانشوران اور اہل علم کو ان باتوں پر توجہ دیتے ہوئے مودی حکومت کے جھوٹ کو بے نقاب کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی ضرروی ہے کہ ملک میں محبت اور گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دیا جائے، ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کیا جائے، گفتگو میں عزت نفس کو ملحوظ رکھا جائے اور باہمی ادب و احترام کا خیال کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 951035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش