0
Friday 10 Sep 2021 14:52

سینیٹ کمیٹی نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو مسترد کر دیا

سینیٹ کمیٹی نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ سینیٹ کمیٹی نے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کو مسترد کر دیا۔ سینیٹر تاج حیدر کی زیر صدارت سینیٹ پارلیمانی امور کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ بابر اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام صاف، شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کرانا ہے، 2014ء میں سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا حکم دیا، کوئی ادارہ پارلیمنٹ کے قانون سازی کے حق پر اعتراضات نہیں لگا سکتا، الیکشن کمیشن نے کیسے اعتراضات کا لفظ استعمال کیا، اس کو حذف کیا جائے۔ چیئرمین کمیٹی نے الیکشن کمیشن کے جواب میں اعتراضات کا لفظ حذف کرا دیا۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے کیسے ٹائم کیلکولیٹ کیا ہے کہ وقت کم ہے، فلپائن نے اس سے بھی کم وقت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا، مثال کے بغیر تحفظات کا اظہار کرنا کسی آئینی ادارے کے لیے غیر مناسب ہے، الیکشن کمیشن بتائے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کیسے رازداری نہیں رہے گی، کمیشن قومی ذمہ داری ادا کرنے سے مت بھاگے، انکار کا مطلب تو پھر کچھ اور ہے، ای وی ایم پر کام کرنا الیکشن کمیشن کے آئی ٹی ونگ کا کام تھا، الیکشن کمیشن یہ کام نہیں کرسکا تو یہ اس کی اپنی ناکامی ہے، اس نے اتنے سال پائلٹ پروجیکٹ کیوں روکے رکھا، الیکشن کمیشن کے اعتراضات خود ان کے خلاف چارج شیٹ ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو بجٹ سے متعلق مکمل بھرپور یقین دہانی کراتی ہے، بجٹ سے متعلق فیصلہ کرنا ایگزیکٹو کا کام ہے، نہ کہ کسی ادارے کا، ابھی کاسٹنگ کہاں سے آگئی۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ 150 ارب کی بات کہاں سے آئی۔ سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن پارلیمان کا مذاق بنا رہا ہے، اس نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں، آئین سے الیکشن کمیشن کو نکال دینا چاہیئے، آئینی ترمیم کرکے عام انتخابات کرانے کا اختیار حکومت وقت کو دینا چاہیئے، الیکشن کمیشن ماضی کے انتخابات میں دھاندلی کراتا رہا ہے۔ اس پر الیکشن کمیشن حکام کمیٹی اجلاس سے احتجاجاً واک آؤٹ کر گئے۔ مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت یہ نہ سمجھے کہ قائمہ کمیٹی کو اپنے طریقہ سے چلائے گی، اعظم سواتی صاحب آپ بزرگ ہیں لیکن آپکا رویہ درست نہیں ہے، اعظم سواتی بتائیں کہ الیکشن کمیشن نے کس سے پیسے پکڑے۔

چیئرمین کمیٹی تاج حیدر نے حکومت کے انتخابی اصلاحات بل پر ووٹنگ کرانے کا اعلان کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ ووٹنگ کرانی ہے تو حکومتی ممبر ثمینہ ممتاز کو آن لائن لیا جائے، جو طبیعت ناسازی کیوجہ سے لاجز میں ہیں۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ میں ایسا نہیں کرسکتا، ووٹ صرف اس کا ہوگا جو موجود ہوگا۔ اس پر حکومتی ممبران نے بھی قائمہ کمیٹی سے واک آؤٹ کر دیا۔ سینیٹ قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز پر ووٹنگ کرائی اور کثرت رائے سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق ترمیم مسترد کر دی۔ قائمہ کمیٹی نے نہ صرف انتخابات میں ای وی ایم کے استعمال کو مسترد کر دیا بلکہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ سے متعلق ترمیم بھی مسترد کر دی۔
خبر کا کوڈ : 953116
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش