0
Saturday 11 Sep 2021 22:56
قوم نااہل اور آزمودہ لوگوں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے

ہماری خارجہ پالیسی استعماری طاقتوں کے تابع ہے، سراج الحق

ہمارے حکمران مغرب کے دباو پر ملکی سلامتی کا سودا کرنے کیلئے بھی تیار ہو جاتے ہیں
ہماری خارجہ پالیسی استعماری طاقتوں کے تابع ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران تین سالوں میں بھی کوئی بہتری نہیں لا سکے، پی ٹی آئی کے دور میں ملک ریورس گیئر پر ہے۔ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے پورا نظام مفلوج ہوچکا ہے۔ عدالتوں میں انصاف نہیں، معیشت تباہ حال اور تعلیم و صحت کا ستیاناس ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن میں بے پناہ اضافہ ہوا۔ سونامی آخرکار آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی بن گئی۔ حکومت میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوششیں نہ کرے، صحافیوں کے ساتھ ہیں، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مسترد کرتے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ جمہوریت کے نام پر کچھ خاندانوں نے ملک پر قبضہ کر رکھا ہے۔ سیاسی جماعتیں درحقیقت بادشاہت چاہتی ہیں، جن میں ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔

سراج الحق نے کہا کہ ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں، ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لاکھوں لوگ بیماریوں سے مر جاتے ہیں۔ حکمران اشرافیہ کو کانٹا بھی چبھ جائے تو بیرون ملک علاج کے لیے بھاگ جاتے ہیں۔ ان کی جائیدادیں بھی باہر ہیں اور بچے بھی باہر۔ دوسری طرف تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکول نہیں جاتے اور ڈھابوں اور فیکٹریوں میں مزدوریاں کر رہے ہیں۔ سچی بات یہ ہے کہ ملک میں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہو یا دیگر جماعتیں جنھوں نے ماضی میں ملک پر حکومت کی، صرف اور صرف مغرب کی خوشنودی چاہتی ہیں۔ ان کی سیاست کا مقصد اپنے مفادات کا تحفظ اور مال بنانا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمارے حکمران مغرب کے دباو پر ملکی سلامتی کا سودا کرنے کے لیے بھی تیار ہو جاتے ہیں۔ کشمیر کا حال سب کے سامنے ہے، اسے پلیٹ میں رکھ کر مودی کو دے دیا گیا۔ ہماری خارجہ پالیسی استعماری طاقتوں کے تابع ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں عدالتیں آزاد نہیں اور غریب کی زندگی انصاف کے حصول کے لیے عدالتوں کے چکر لگاتے گزر جاتی ہے۔ ہمارا تعلیمی نظام سیکولر اور مغرب زدہ ہے۔ ہمارے مدارس اور علماء حکمرانوں کے غیض و غضب کا شکار رہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اب فیصلہ کا وقت آپہنچا ہے، قوم کو کرپٹ اور فرسودہ نظام سے جان چھڑانے کے لیے بھرپور جمہوری جدوجہد کرنی پڑے گی۔ میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ نااہل اور آزمودہ لوگوں کو مسترد کرے اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
خبر کا کوڈ : 953379
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش