0
Friday 17 Sep 2021 16:11

مناظرہ بازی سے اجتناب ناگزیر ہے، مفتی ناصرالاسلام

مناظرہ بازی سے اجتناب ناگزیر ہے، مفتی ناصرالاسلام
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے مناظرہ بازی سے اجتناب کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب کو اپنے اپنے مسالک پر قائم رہ کر کسی بھی مسلک سے وابستہ لوگوں کی دل آزاری نہیں کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مناظروں کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ان کی وجہ سے دو فرقوں کے درمیان انتشار پیدا ہو سکتا ہے۔  مفتی اعظم نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو صورہ سرینگر میں اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ اس موقعہ پر آغا سید عبدالحسین بڈگامی اور دیگر کئی علماء بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلکی اختلاف کی اب کوئی گنجائش ہی نہیں رہ گئی ہے، ہم پہلے ہی تناؤ کے شکار ہیں اور ہمارے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سازشوں کو روکنے کے لئے ہمیں آپسی انتشار میں نہیں پڑنا چاہیئے اور اپنے اپنے مسالک پر قائم رہ کر کسی کی دل آزاری نہیں کرنی چاہیئے ۔دریں اثنا مفتی ناصر الاسلام نے میڈیا کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہی ان علماء کو اپنی رہائشگاہ پر طلب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ان سے کہا کہ مسلکی منافرت کی کوئی گنجائش ہی نہیں ہے آپ لوگ اپنی اپنی سوچ اپنے پاس ہی محدود رکھیں، اس کو لوگوں میں ڈال کر انتشار پھیلانے سے باز رہیں۔ مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں فروعی مسائل کو لوگوں میں اٹھانے سے پرہیز کرنا چاہیئے جو اختلافات کا باعث بن سکتے ہیں اور ہمیں صبر و تحمل سے کام لینا چاہیئے۔
خبر کا کوڈ : 954317
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش