0
Tuesday 21 Sep 2021 19:48

مقبوضہ کشمیر کے 6 اضلاع میں 8 مقامات پر ’این آئی اے‘ کے چھاپے

مقبوضہ کشمیر کے 6 اضلاع میں 8 مقامات پر ’این آئی اے‘ کے چھاپے
اسلام ٹائمز۔ بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو جموں و کشمیر کے چھ اضلاع میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔ ایجنسی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چھاپہ مار کارروائیاں جموں کے بٹھنڈی علاقہ میں رواں برس 27 جون کو پانچ کلو گرام ’آئی ای ڈی‘ کی برآمدگی کے معاملے میں انجام دی گئی ہیں۔ بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’این آئی اے‘ نے آج یعنی منگل کو جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر چھ اضلاع اننت ناگ، بارہمولہ، کولگام، سرینگر، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں آٹھ مقامات پر چھاپے مارے۔ بیان میں کہا گیا کہ جموں کے بٹھنڈی میں 27 جون 2021ء کو لشکر طیبہ کے ایک دہشتگرد کے قبضے سے پانچ کلو گرام آئی ای ڈی برآمد ہوا تھا جس کے حوالے سے پولیس تھانہ باہو فورٹ میں ایف آئی آر زیر نمبر 0234 آف 2021 درج کیا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ لشکر طیبہ کا مقصد اس آئی ای ڈی کے ذریعے جموں میں دھماکہ کرانا تھا۔ اس میں کہا گیا کہ پھر این آئی اے نے دوبارہ معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا اور تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔ این آئی اے کے بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ لشکر طیبہ کے پاکستان میں مقیم ہینڈلرز اور ان کے جموں و کشمیر میں مقیم ساتھی دہشت گردانہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مشتبہ افراد کے گھروں سے ڈیجیٹل آلات اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے بھارتی فورسز کے ہمراہ سرینگر کے مضافاتی علاقہ لسجن میں محمد شفیع وانی اور اس کے بیٹے رئیس احمد کی رہائش گاہوں پر منگل کی صبح چھاپے مارے۔
خبر کا کوڈ : 955011
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش