0
Thursday 25 Nov 2021 21:40

گلگت بلتستان اسمبلی ممبران کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافے کا بل منظور

گلگت بلتستان اسمبلی ممبران کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافے کا بل منظور
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی نے اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں بے تحاشا اضافے کا بل متفقہ طور پر بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا۔ جمعرات کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران آخری لمحے میں نون لیگ کے رکن اسمبلی غلام محمد نے پرائیویٹ ممبر بل کے طور پر ایوان میں پیش کیا۔ جس کی اپوزیشن و حکومتی اراکین نے متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ حیرت انگیز طور پر یہ بل جمعرات کے روز ہونے والے اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہیں تھا۔ بل کی کاپی کسی ممبر کے فولڈر میں موجود بھی نہیں تھی۔ مزید دلچسپ امر یہ کہ بل کو پڑھ کر بھی نہیں سنایا گیا۔ غلام محمد نے صرف اتنا کہا کہ ممنران اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل ہے، اسے منظور کیا جائے۔ غلام محمد نے مزید کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ہر سال جون میں اضافہ ہوتا ہے۔ سرکاری ملازمین کی طرح ممبران اسمبلی کی بھی تنخواہوں میں سالانہ کی بنیاد پر اضافہ ہونا چاہیے۔

دوسری جانب بل کی منظوری کے بعد اس کی کاپی کو بھی پوشیدہ رکھا گیا۔ صحافی گھنٹوں اسمبلی سیکرٹریٹ کا چکر لگاتے رہے تاکہ بل کی کاپی حاصل کی جا سکے لیکن اسمبلی سیکرٹریٹ کا عملہ سمیت کوئی بھی رکن اسمبلی بل کی کاپی دینے کو تیار نہ ہوا۔ دوسری جانب معتبر زرائع سے اسلام ٹائمز کو ملنے والی معلومات کے مطابق نئے ایکٹ کے تحت وزیر اعلیٰ کو ماہانہ تنخواہ و مراعات کی مد میں 7 لاکھ 80 ہزار روپے ملیں گے۔ سپیکر کی تنخواہ 6 لاکھ 50 ہزار روپے، ڈپٹی سپیکر کی تنخواہ 6 لاکھ روپے ہو گی۔ صوبائی وزیر کو 6 لاکھ، پارلیمانی سیکرٹری کو 5 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ رکن اسمبلی کو ماہانہ 4 لاکھ 50 ہزار روپے ملیں گے۔
خبر کا کوڈ : 965458
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش