0
Sunday 28 Nov 2021 12:00
تفرقے کی بات اور تفرقہ بازوں کی پشت پناہی کرنا امت اور اسلام سے کھلی دشمنی ہے

اقبالؒ کی مسلمانوں کیلئے نجات کی ڈاکٹرائن وحدت اُمت میں مضمر ہے، علامہ جواد نقوی

سیالکوٹ میں وحدت امت از نظر علامہ اقبالؒ کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب
اقبالؒ کی مسلمانوں کیلئے نجات کی ڈاکٹرائن وحدت اُمت میں مضمر ہے، علامہ جواد نقوی
اسلام ٹائمز۔ وحدت امت جیسے قرآنی حکم اور اس پیغام کے سب سے بڑے داعی علامہ اقبالؒ جیسی ہستی کے افکار کے احیاء کیلئے تحریک بیداری امت مصطفی(ص) کے زیرانتظام کانفرنس بعنوان وحدت امت از نظر علامہ اقبال سیالکوٹ میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کے تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام، مذہبی جماعتوں کے سربراہان، مشائخ عظام و اکابرین شریک ہوئے۔ کانفرنس میں پیر سید چراغ الدین شاہ، مولانا محمد زبیر فہیم، مفتی ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، پیر سید محمد صفدر گیلانی، پروفیسر ظفر اللہ شفیق، مفتی عبداللطیف بہاولپوری، قاری حافظ شعیب الرحمن قاسمی، پروفیسر ڈاکٹر عبدالغفور راشد، پیر غلام رسول اویسی، مفتی گلزار احمد نعیمی، علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر ،علامہ محمد عاصم مخدوم، ڈاکٹر محمود غزنوی، مولانا سید عبدالوحید شاہ، ڈاکٹر طاہر حمید تنولی، قاری حافظ شعیب الرحمن قاسمی، ڈاکٹر علی اکبر الازہری، ڈاکٹر علی وقار قادری و دیگر شامل تھے۔

وحدتِ امت از نظرِ علامہ اقبالؒ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ، جامعہ عروۃ الوثقی و تحریک بیداری اُمت مصطفی(ص) کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ مغزِ متفکرِ جہانِ اسلام ہیں اور ایسی نابغہ شخصیات بہت کم قوموں کو نصیب ہوتی ہیں، جو خالص اور ناب اسلامِ محمدی ﷺ کے مزاج شناس اور واقفِ اسرار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہؒ کے ہاں وحدتِ امت کا پیغام ان کی فکر کا بنیادی ستون ہے اور وہ جا بجا اپنے اردو اور فارسی کلام میں وحدت کی دعوت دیتے ہوئے نظر آتے ہیں جو صرف ایک رسمی وعظ نہیں بلکہ قرآنی حکم کی تفسیر ہے۔ علامہؒ کا کلام سراسر پیغامِ وحدت ہے اور وہ ہمیں کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ اے گرفتارِ بو بکر و علی ہشیار باش!

علامہ سید جواد نقوی کا مزید کہنا تھا کہ آج دشمن کی ساری توجہ امت میں تفرقہ اور فساد ایجاد کرنے پر مرکوز ہے اور اس پُرفتن دور میں نجات کا واحد راستہ وحدت ہے، جب تک امت کے مختلف فرقے آپس میں بقائے باہمی کے اصول کے تحت بڑے قرآنی اہداف کی خاطر وحدت قائم نہیں کرتے تب تک دشمن کا پلڑا بھاری رہے گا۔ علامہ اقبال نیل کے ساحل سے لیکر تا بہ خاکِ کاشغر سب مسلمانوں کو نجات کی ڈاکٹرائن دے رہے ہیں، جو وحدتِ امت میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج تفرقے کی بات کرنا یا تفرقہ بازوں کی پشت پناہی کرنا امت اور اسلام سے کھلی دشمنی ہے۔

سید جواد نقوی نے اسلامی بیداری و وحدت اسلامی کی تحریک کی تقویت کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم تحریک کے سامنے تفرقہ باز دشمنوں کی ناکام حرکتیں، اس تحریک کی عظمت و اہمیت کی علامت اور اس کے روزافزوں فروغ اور ہمہ گیری کی نوید ہیں۔ اس وقت عالم اسلام کے پاس اپنی قوموں کے مفادات کے تحفظ کیلئے واحد راستہ اسلام کے محور پر اتحاد قائم کرنا اور دشمنوں اور مستکبرین کے سامراجی اہداف کا انکار ہے۔ یہ عظیم مجموعہ جس کا نام امت مسلمہ ہے، اپنے وجود اور اپنے حقوق کے دفاع کے تمام وسائل سے بہرہ ور ہے۔ عالم اسلام کو آج اپنی عزت و وقار کیلئے قدم بڑھانا چاہئے، اپنی خود مختاری کیلئے مجاہدت کرنا چاہئے، اپنے علمی ارتقاء اور روحانی طاقت و توانائی یعنی دین سے تمسک، اللہ کی ذات پر توکل اور نصرت پروردگار پر یقین رکھنا چاہیے۔
خبر کا کوڈ : 965836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش