0
Thursday 2 Dec 2021 14:51

آئمہ جمعہ جماعت کورونا کی نئی لہر سے عوام میں آگاہی دیں، علامہ اسدی

آئمہ جمعہ جماعت کورونا کی نئی لہر سے عوام میں آگاہی دیں، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور کے تعاون سے لاہور بھر کے آئمہ جمعہ کے ہمراہ کورونا کی پانچویں لہر سے متعلق آگاہی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر طاہرہ مریم، کمیونیکیشن فار ڈیویلپمنٹ آفیسر یونیسیف پنجاب حبیب اصغر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ داتا گنج بخش ٹاؤن ڈاکٹر زاہد منیر اور لاہور کی جامع مساجد کے آئمہ جمعہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا ہے کہ علماء معاشرے کا سب سے قابل قدر طبقہ ہیں، علماء کی تجاویز و آراء عوام کیلئے حکم کا درجہ رکھتی ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران عوام میں شعور و آگہی اجاگر کرنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین جس لگن اور جانفشانی سے کوشاں رہی اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، کورونا کی پانچویں لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہے، اس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے آئمہ جمعہ کو جاری کیے گئے پیغام کے یقیناً مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا سوائے ویکسینیشن اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے کوئی علاج نہیں، علمائے کرام سے درخواست ہے کہ وہ عوام  کو ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے آمادہ کریں۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ملت جعفریہ کے باشعور افراد مجتہدین عظام کے فتویٰ کو حکم سمجھتے ہیں، کورونا کی پہلی لہر کے آغاز میں ہی مرجع عالی قدر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کورونا ویکسینیشن کروانے کیلئے فتویٰ دیا تھا، اس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں ان کے مقلدین نے کورونا ویکسینیشن کروائی۔
 
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے مختلف اجتماعات کے دوران لاکھوں کی تعداد میں ماسک تقسیم کیے اور سینیٹائزر گیٹس نصب کیے گئے، کورونا کی روک تھام کیلئےعملی اقدامات کیساتھ ساتھ لاک ڈاؤن کے دوران چھوٹے کاروبار اور ملازمین سفید پوش عوام کیلئے کثیر تعداد میں راشن کا انتظام بھی کیا گیا۔ مجلس وحدت مسلمین ماضی میں بھی اس وباء کیخلاف ہراول دستے کا کردار ادا کر چکی ہے اور ان شاءاللہ آئندہ بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ آگاہی نشست کے بعد مادر وطن پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی صحت و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور  آئمہ جمعہ نے اس بات کی یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ خطبات جمعہ میں شہریوں کو ویکسینیشن کروانے کیلئے آمادہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 966567
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش