0
Sunday 5 Dec 2021 17:04

سیالکوٹ واقعہ، حکومت جلد قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ذمہ داران کو سزائیں دے، علامہ اسد اقبال زیدی

سیالکوٹ واقعہ، حکومت جلد قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے ذمہ داران کو سزائیں دے، علامہ اسد اقبال زیدی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر علامہ سید اسد اقبال زیدی نے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات کسی المیہ سے کم نہیں، ملک میں بڑھتی شدت پسندی یقیناً قابل تشویش ہے، معاشرے میں صبر و تحمل اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کی اشد ضرورت ہے، سیالکوٹ جیسے واقعات سے ملکی ساکھ بری طرح متاثر ہوتی ہے جس کے اثرات تجارت سمیت سیاحت پر بھی پڑتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کے صدر نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے افسوسناک قتل پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اسد اقبال زیدی نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو چاہیئے کہ ماضی کی طرح کیس کو ردی کی ٹوکری میں ڈالنے کے بجائے ٹیسٹ کیس بناتے ہوئے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تحقیقات کرائیں اور قانون شکنی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دیں۔

علامہ اسد اقبال زیدی نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات کے بعد میڈیا پر شور شرابہ ہوتا ہے، بڑے بڑے بیانات دیئے جاتے ہیں اور کچھ عرصے بعد سکوت برپا ہوجاتا ہے، مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بیانات اور میڈیا بریفنگ سے آگے بڑھتے ہوئے عملی اقدامات اٹھانے ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیالکوٹ جیسے واقعات اور ملک میں بڑھتی شدت پسندی کی روک تھام کیلئے ریاست بالخصوص اور اس کے ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ہنگامی بنیادوں پر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 967003
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش