0
Sunday 2 Jan 2022 00:04

سال 2022ء تکفیریت سے پاک پاکستان کے طور پر منایا جائیگا، علامہ ناصر عباس جعفری

سال 2022ء تکفیریت سے پاک پاکستان کے طور پر منایا جائیگا، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نئے سال کی آمد پر امت مسلمہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2022ء "تکفیریت سے پاک پاکستان" کے طور پر منایا جائے گا۔ وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور پرامن معاشرے کے قیام کے لیے ہماری جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وحدت و اخوت اور مذہبی رواداری کا جو پرچم تھام کر ہم نکلے ہیں، اسے کبھی سرنگوں نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عالمی استعماری قوتیں اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ارض پاک میں مسلکی، لسانی اور صوبائی تعصب کا فروغ چاہتی ہیں۔ انہیں شکست دینے کے لیے قوم کے ہر فرد کو بابصیرت اور دانشمندانہ کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن ہر اگلے روز نئی شاطرانہ چالوں اور منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں نکلتا ہے، جنہیں سمجھنے کے لیے ہم سب کو مزید چوکنا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا وطن عزیز میں بسنے والے ہر شہری کا بلاتخصیص مذہب و مسلک اس ملک پر مساوی حق اور آئین کی رو سے ہر ایک کو مذہبی آزادی حاصل ہے۔ دوسروں کے عقائد کو نشانہ بنانا اور اپنے فکر کو دوسروں پر زبردستی مسلط کرنا شدت پسندی ہے اور یہی ان کالعدم جماعتوں کا نصاب ہے، جو دین کے نام پر آگ و خون کا بازار گرم رکھتے ہیں۔ ملک کے تمام معتدل مکاتب فکر مل کر اس تکفیری فکر کا خاتمہ کریں، تاکہ ملک امن کا گہوارہ بن سکے۔

انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے جبری لاپتہ شیعہ افراد کے اہل خانہ کے ہر نئے دن کا آغاز امید اور شام مایوسی میں گزر جاتی ہے، دعا ہے کہ سال 2022ء ان کی بازیابی کا سال ہو۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ جبری گمشدگان کو منظر عام پر لایا جائے اور قانون کے مطابق عدالتوں میں پیش کرکے آئین کی بالادستی کو ثابت کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے نئے سال کے آغاز میں تجدید عہد کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ میدان عمل سے ایک لمحے کے لیے بھی غافل نہیں ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 971540
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش