0
Monday 3 Jan 2022 12:32

برآمدات میں اضافہ ہی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے، عمران خان

برآمدات میں اضافہ ہی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ ہی ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے، ملک سے محض سبزیاں یا دیگر چھوٹی چیزیں ہی برآمدات ہوتی ہیں جس سے ترقی کا سفر شروع نہیں ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد میں پاک چائنا بزنس انویسٹمنٹ فورم کے اجرا سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک اسی صورت میں ترقی کرے گا جب صنعتی شبعوں کو فروغ ملے گا اور برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے شعبہ آئی ٹی میں غیرمعمولی ترقی کی اور بیرون ملک اپنی خدمات پیش کر رہا ہے جبکہ پاکستان میں محض ایک سال میں شعبہ آئی ٹی کی برآمدات دوگنی ہو گئی ہے۔ عمران خان نے ترکی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقی یافتہ مملک نے برآمدات کو اہمیت دی، استنبول نے تجارتی خسارہ پر قابو پانے کے لیے برآمدات کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات کیے جو ان کی ترقی کا ضامن بھی بنا۔ انہوں نے چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ بیجنگ سے ہماری دوستی کی تاریخ 70 برس پر محیط ہے، وہ ہم سے ہر طرح کے تعاون پر آمادہ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے افسوس کا اظہار کیا کہ چین ہمارے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے لیکن ہم نے کبھی قومی ترحیحات پر مبنی پالیسی وضع نہیں کی۔ انہوں نے اپنی معاشی پالیسی کے تناظر میں کہا کہ ہم نے طے کر لیا کہ صنعتی شعبہ کو ترقی دینی ہے اور برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ عمران خان نے زرعی شعبہ میں ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چین زراعت کے شعبے میں غیرمعمولی ترقی کر چکا ہے جبکہ پاکستان قبل مسیح میں استعمال ہونے والے آلات پر انحصار کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان تیزی سے اربنائزیشن (شہر کاری) میں تبدیل ہو رہا ہےلیکن اس ضمن میں ہمیں دو خطرات کا سامنا ہے، ایک فوڈ سکیورٹی اور سرسبز و شاداب حصہ تیزی سے ختم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین سے بہت سیکھ سکتے ہیں جنہوں نے شہر کاری کے نت نئے طریقوں پر غور کیا اور اب وہ عمودی ڈیولپمنٹ کر رہے ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آئندہ ہفتے چین کا دورہ متوقع ہے جس کا حتمی فیصلہ کورونا کی صورتحال کے تناظر میں ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 971781
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش