0
Thursday 13 Aug 2009 10:21

قبائلی علاقوں میں سیاسی اصلاحات متعارف کروانے کا فیصلہ،صدر نے ایف سی آر میں تبدیلیوں کی باضابطہ توثیق کر دی

قبائلی علاقوں میں سیاسی اصلاحات متعارف کروانے کا فیصلہ،صدر نے ایف سی آر میں تبدیلیوں کی باضابطہ توثیق کر دی
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے قبائلی علاقوں میں نافذ فرنٹیئر کرائم ریگولیشن(ایف سی آر) میں تبدیلیوں کی باضابطہ توثیق کر دی ہے،جبکہ قبائلی علاقو ں میں سیاسی اصلاحات بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ایف سی آر قوانین کی تبدیلوں کی توثیق کیلئے ایوان صدر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء حمید اللہ جان آفریدی،رحمن ملک،نجم الدین خان،نور الحق قادری،گورنر سرحد اویس غنی،افضل سندھو،سلمان فاروقی،سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی،صدارتی ترجمان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کی جانب سے ایف سی آر قوانین میں تبدیلیوں کے حوالے سے قائم کی جانے والی کیبنٹ کمیٹی کی خدمات کو سراہا گیا،جبکہ ایف سی آر قوانین میں ترامیم کیلئے گزشتہ سال متعدد جرگے بھی منعقد کرائے گئے،اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن ارباب شہزاد نے کابینہ کمیٹی کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی جبکہ اجلاس میں فرنٹیئر کرائم ریگولیشن میں ترامیم کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اس میں تبدیلیوں کی باضابطہ توسیع کی گئی کہ 100سالہ ایف سی آر قانون میں تبدیلیاں لائی جائیں گی،اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ قبائلی علاقوں میں اصلاحات کا کسی بھی وقت اعلان کر سکتے ہیں،آصف علی زرداری نے کہا کہ جمہوری حکومت نے ایف سی آر قوانین میں ترامیم کرا کے اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے جبکہ فرنیٹئر کرائم ریگولیشن میں تبدیلیاں قبائلی لوگوں کی خواہش کے مطابق کی گئی ہیں،ان کا کہنا تھا کہ ایف سی آر میں تبدیلیاں موجودہ صورتحال میں بہت ضروری تھیں جبکہ قبائلی لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام محب وطن پاکستانی ہیں جب کہ قبائلی علاقوں کو بھی ترقی دے کر قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا،اس ضمن میں ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ فرنیٹئر کرائم ریگولیشن میں مجوزہ تبدیلیوں کے مطابق پولٹیکل ایجنٹ کے اختیارات میں کمی کی جائے گی،قبائلی علاقو ں کیلئے بلائے جانے والے قانون کا نام فرنٹیئر ریگولیشن رکھا جائے گا اور اس میں ترامیم کے بعد عدلیہ انتظامیہ کو الگ الگ کرنے سمیت قبائلی علاقوں کیلئے عدالتی کمیشن کا اعلان بھی تجویز کیا گیا ہے جس کا سربراہ ہائی کورٹ کا ریٹائرڈ جج ہو گا اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دو ممبران اس عدالتی کمیشن کے ممبر ہوں گے،جبکہ یہ عدالتی کمیشن پولٹیکل ایجنٹ کی جانب سے کسی بھی ناانصافی پر متاثرہ افراد کی داد رسی کرے گا،ذرائع کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے کئی دفعات کے خاتمے اور بعد میں تبدیلیوں کی بھی سفارش کی ہے اور دفعہ 12کی ذیلی شق 2اور 3کو ختم کرنے پر زور دیا ہے،جس کے تحت 302اور369کے تحت سزا یافتہ افراد کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی جاتی ہے اور کمیٹی نے ان سزاوں کو غیر اسلامی بھی قرار دیا ہے
اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے واضح کیا ہے کہ جمہوری حکومت عوام کے ساتھ کئے جانے والے تمام وعدے پورے کرے گی، حکومت کیخلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنے والے عناصر اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے پارلیمنٹیرینز کھلی کچہریوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صدر میں پیپلز پارٹی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی ایک بڑی جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں یکساں مقبول ہے اور اس وقت پارٹی کو مزید منظم اور فعال بنانے کی ضرورت ہے جس کیلئے تمام لوگ اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوریت کے لئے قربانی دے کر اقتدار میں آئے جبکہ کسی کو جمہوریت شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی آصف زرداری نے صدر اور وزیر اعظم کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ تمام امور پر پیپلز پارٹی کی قیادت میں مفاہمت ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان پنجاب میں تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے انہوں نے پنجاب کے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ وہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی سکیموں کی نگرانی سمیت غربت کے خاتمے اور ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔

خبر کا کوڈ : 9727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش