0
Saturday 15 Jan 2022 00:53

پی ٹی آئی نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنیوالے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، سراج الحق

پی ٹی آئی نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنیوالے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر لینے کے لیے 22 کروڑ عوام کو قربانی کا بکرا بنا دیا گیا۔ بے رحم حکومت غریب کش منصوبہ پر گامزن ہے۔ قوم پر ساڑھے تین سو ارب کا بوجھ ڈال کر حکمران جھوٹی وضاحتیں پیش کر رہے ہیں۔ یقین ہے کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے ہوا اور روشنی پر سیلز ٹیکس لگانے کا حکم دیں تو حکومت بلا جھجک تیار ہو جائے گی۔ ملکی معیشت ملک طور پر تباہ ہوگئی، تجارتی خسارہ میں پچھلے چھ ماہ میں 25 ارب ڈالر اضافہ ہوا۔ بجلی اور گیس کا ٹیرف بڑھانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے۔ ملک کے وسائل پر چند خاندانوں کا قبضہ، سود سمیت قرضوں کی قسطوں کی ادائیگیوں کے لیے غریبوں کا خون چوسا جاتا ہے۔

ارب پتی حکمرانوں کے بچے اور جائیدادیں باہر مگر ملک کے کروڑوں باسی دو قت کی روٹی کمانے کے لیے پریشان ہیں۔ پی ٹی آئی نالائقوں کا ٹولہ ثابت ہوئی، دعوے کرنے والے آج عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ سابقہ حکمران جماعتیں بھی ملک کی تباہی کی برابر کی ذمہ دار ہیں۔ وڈیروں، کرپٹ سرمایہ داروں نے ملک کو جاگیر سمجھا ہوا ہے۔ یہ لوگ ملک کے بنکوں سے اربوں کے قرضے لیتے ہیں اور بعد میں ایک کوڑی واپس نہیں کرتے۔ بیرونی قرضے عوام کے لیے نہیں حکمرانوں کی عیاشیوں کے لیے لیے جاتے ہیں۔ پاکستان کو استعمار کی غلامی میں دھکیل دیا گیا۔

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان کا ہر شعبہ زوال سے دوچار ہے۔ ایٹمی اسلامی پاکستان جو بائیس کروڑ غیور مسلمانوں کا ملک ہے، کو انگریزوں کے وفاداروں نے تباہ کر دیا۔ اسلامیان برصغیر نے قائداعظم کی سربراہی میں جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ملک حاصل کیا، مگر قیام پاکستان کے کچھ عرصے بعد جاگیرداروں، مافیاز نے ملک پر قبضہ کر لیا۔ دو فیصد ظالم اشرافیہ نے کروڑوں لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ الیکشن میں دھونس دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آکر ظالم اشرافیہ لوگوں کا خون پیتی ہے، ملکی وسائل انسانوں کی فلاح کی بجائے حکمرانواں کے اللوں تللوں پر خرچ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومتوں نے تک سسٹم میں بہتری لانے کی کوشش نہیں کی۔ پورا نظام چوپٹ اور اندھیر نگری ہے۔
خبر کا کوڈ : 973619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش