0
Saturday 15 Jan 2022 18:10

قومی سلامتی پالیسی سمیت دیگر معاملات پر قومی اتفاق رائے لازم ہے، علامہ ساجد نقوی

قومی سلامتی پالیسی سمیت دیگر معاملات پر قومی اتفاق رائے لازم ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے واضح کیا ہے کہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی طے شدہ امور ہیں، قومی سلامتی پالیسی جو امور خارجہ کیساتھ امور داخلہ، معیشت اور دفاع کیساتھ جڑی ہوئی ہے، بہت اہمیت کی حامل ہے، البتہ اس معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کرکے قومی دستاویزات کا درجہ دے کر آگے بڑھا جائے، تاکہ اس کے دور رس نتائج بھی برآمد ہوسکیں، ملکی سلامتی سے جڑے معاملے پر موجودہ طرز حکمرانی جیسا رویہ ترک کرکے آگے بڑھنا ہوگا۔ قومی سلامتی پالیسی پر اپنے ردِعمل میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ہم روز اول سے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی پر زور دیتے چلے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ داخلہ و خارجی امور، معاشی، دفاعی اور شہری و آئینی حقوق کے حوالے سے بھی روز اول سے ارباب اقتدار و سنجیدہ فکر شخصیات کو متوجہ کرتے آئے ہیں کہ ”من پسند پالیسی“ کی بجائے جامع و عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کا واحد حل متفقہ دستاویز 73ء کا آئین ہے، جس پر عمل کرکے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے، ہم اپنے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی کی طرف بڑھ رہے ہیں، 74 سال گزر گئے مگر متفقہ آئین ہونے کے باوجود ابھی تک ملک کی واضح سمت کا تعین نہیں کرسکے، قومی سلامتی پالیسی کا ویژن متعارف کرایا گیا ہے، جو خوش آئند ہے، البتہ یہ معاملہ صرف حکمرانوں کا نہیں ملک کے مستقبل کا ہے، اس لئے اس معاملے پر قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے اور اسے قومی دستاویز کا درجہ دیا جائے، کیونکہ قومی سلامتی پالیسی وہی قابل عمل و قابل قبول ہوگی، جس پر تمام شعبہ ہائے زندگی کا اتفاق رائے ہوگا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ تشکیل پاکستان اور دستور پاکستان 1973ء کے موقع پر جس طرح اتفاق رائے پیدا کیا گیا اور متحد و متفق ہو کر اپنے ہدف کی جانب بڑھا گیا، آج بھی اسی سپرٹ کی ضرورت ہے، اسی صورت میں اس پالیسی کے اہداف حاصل ہوںگے اور ملک جن معاشی، داخلی و خارجی مسائل کا سامنا کر رہا ہے، ان سے نمٹا جا سکے گا اور اگر قومی سلامتی پالیسی پر اتفاق رائے کی بجائے ویسا رویہ اختیار کیا گیا، جیسا کہ مروج ہے تو پھر اس پر اتفاق رائے قائم کرنا یا آگے بڑھنا اور اسے قومی سلامتی پالیسی کا نام دینا مشکل ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 973753
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش