0
Wednesday 2 Jun 2021 22:15

وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات، مختلف اُمور پر تبادلہ خیال 

اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ کاسا 1000 جیسے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل، جنوبی و وسطی ایشیا کے مابین توانائی راہداری کے قیام میں معاون ثابت ہوگی، پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کے دوران کہی۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عمران حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیرخارجہ نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ تاجکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے ہارٹ آف ایشیا استنبول پراسس اجلاس کے کامیاب انعقاد اور بھرپور میزبانی پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جو یکساں مذہبی، تہذیبی اور ثقافتی بنیادوں پر استوار ہیں۔ پاکستان، تاجکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کی اعلی قیادت ان دوطرفہ مراسم کو مزید وسعت دینے اور مستحکم بنانے کیلئے کوشاں ہے، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان، تعلیم، ہاوسنگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت بہت سے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ وزیرخارجہ نے تاجک صدر کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں اور ان کے ثمرات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے افغانستان میں دیرپا امن کو ناگزیر سمجھتا ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے تاجکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا۔ تاجک صدر نے پرتپاک خیرمقدم اور عمدہ میزبانی پر وزیرخارجہ اور پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 935957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش