1
2
Saturday 14 Jul 2018 02:20

نواب اسلم رئیسانی کے نام پیغام

نواب اسلم رئیسانی کے نام پیغام
تحریر: نادر بلوچ

محترم جناب نواب اسلم رئیسانی صاحب آپ کے چھوٹے بھائی سراج رئیسانی سمیت 128 افراد دہشتگردی کے بڑے واقعہ میں شہید ہوگئے، جس پر بےانتہا دکھ ہوا ہے اور میں بطور ایک پاکستانی مسلمان ہونے کے ناطے آپ سے اور تمام شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت پیش کرتا ہوں۔ اس سانحہ کی جتنی مذمت کروں وہ کم ہے اور سچ یہ ہے کہ مذمت کے لئے میرے پاس الفاظ بھی نہیں ہیں۔ نواب اسلم رئیسانی صاحب جب مجھے معلوم ہوا کہ آپ کے چھوٹے بھائی سراج بھی سانحہ مستونگ میں شہید ہوئے ہیں تو اچانک میرا ذہن ماضی میں چلا گیا اور آپ کے وہ الفاظ یاد آگئے، جو آپ نے ہزارہ برادری کے 100 سے زائد افراد کی شہادت پر ادا کئے تھے۔

بطور چیف منسٹر آف بلوچستان جب آپ سے میڈیا نے سوال کیا کہ شہداء کے ورثاء آپ سے کچھ مطالبات کر رہے ہیں، ان کے آنسووں کی طرف دیکھیں تو جواب میں آپ نے ارشاد فرمایا تھا کہ میں ٹشو پیپر کا ٹرک ہزارہ والوں کو بھیجوا دیتا ہوں کہ وہ آنسوں پونچھ لیں۔ یقین کریں اس وقت شہداء کے اہل خانہ کو شائد اپنے پیاروں کے چلے جانے کا اتنا افسوس نہ ہوا تھا، جتنا آپ کے اس ایک جملے نے انہیں دکھ پہنچایا تھا، وہ جملہ آج بھی جب یاد آتا ہے تو انسان کی کیفیت تبدیل ہو جاتی ہے، لیکن آپ وہ جملہ آرام سے کہہ گئے تھے۔


نواب صاحب بس اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ اگر اس وقت آپ سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے اور دہشتگردوں کے خلاف آہنی دیوار بنتے، شہداء کے خاندانوں کا مذاق اڑانے کی بجائے ان کے ساتھ کھڑے ہوتے، مظلوموں کی داد رسی کرتے، ان کی اشک شوئی کرتے تو شائد ہمیں آج یہ سانحہ نہ دیکھنا پڑتا۔ اگر ماضی میں مستونگ میں ہونے والے واقعات میں ملوث افراد کو کڑی سزا مل جاتی اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچایا جاتا تو قوم کو یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ نواب صاحب خدا کو حاضر و ناظر جان کر کہتا ہوں کہ یہ تحریر لکھنے کا مقصد صرف احساس دلانا ہے کہ درد تو درد ہوتا ہے، اپنا ہو یا کسی اور کا، اسی طرح خون تو خون ہوتا ہے، چاہے اپنا بہے یا کسی اور کا۔ اور خون کا رنگ بھی سرخ ہوتا ہے، چاہے اپنا ہو یا کسی اور کا۔ بس بات ہے احساس کی۔ یہ دہشتگرد کسی کے ساتھی نہیں، اگر کوئی ایسا سمجھتا ہے تو بہت بڑی غلط فہمی کا شکار ہے۔

ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، اگر آج ہم دہشتگردوں کے خلاف متفق و متحد ہو جائیں تو دہشتگردوں، ان کے سہولتکاروں، ان کے ہمدردوں اور مالی معاونت کاروں کو نشان عبرت بنا سکتے ہیں۔ لیکن اگر یہ تیرا شہید اور یہ میرا شہید کے چکر میں پڑے رہے، اگر مسلک کی قید میں رہے، اگر صوبائی تعصب کا شکار رہے، اگر لسانی و گروہوں تقسیم بندی میں رہے تو دشمن ہمیں ایک ایک کرکے مار دے گا اور ایک دن سب کی باری آئے گی۔ ایک مرتبہ پھر میری طرف سے تعزیت قبول فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور تمام شہداء کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔آمین
خبر کا کوڈ : 737603
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Syedshah
United States
Information key mutabiq Asalam Raeesani bhee election main Siraj Raeesani key khilaf contest ker raha hey, tareekh main hukoomat key liyeh aisey kam hotey rahey hain, kahin Bhai ney bhai ko mara, kahin, behan ney bhai ko mara, kahin koi apnee Amma ko Mar ker hamdardi ka vote ley raha hey. Baqi hamara mutalba hona chahiyeh keh Aslam Raeesani ko bhee arrest kerkey shamil e tafteesh kia jaey.
ہماری پیشکش