0
Saturday 13 Apr 2024 20:23

ہم آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، ناروے

ہم آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں، ناروے
اسلام ٹائمز۔ ناروے کے وزیر اعظم جوناس گیر اسٹور نے اعلان کیا کہ ہے کہ اوسلو آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور اقوام متحدہ میں اس کو "مناسب" مقام تک پہنچانے کے لئے تیار ہے۔

اناطولیہ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ناروے کے وزیر اعظم نے اپنی اس ملکی تیاری کا اعلان اپنے ہسپانوی ہم منصب پیڈرو سانچیز کے ساتھ ملاقات کے بعد کیا۔

جمعے کے روز سانچیز یورپ کے دورے پر روانہ ہوئے جس کا مقصد دوسرے ممالک کو فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے پر قائل کرنا ہے۔

اس حوالے سے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ناروے کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب مسئلہ یہ ہے کہ خطے میں امن عمل کی حمایت کے لئے ہمیں (فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا) یہ اقدام اٹھا لینا چاہیئے اور ہماری آج کی ملاقات میں جو کچھ واضح کیا گیا ہے یہ ہے کہ میڈرڈ اور اوسلو (اس بارے) بہت قریبی ہم آہنگی میں باقی رہیں گے۔

اس موقع پر اسپین کے وزیر اعظم کا بھی کہنا تھا کہ میڈرڈ فلسطین کو "جلد سے جلد" ایک آزاد ملک کے طور پر تسلیم کرنا چاہتا ہے جبکہ اس اقدام کو وہ ایک یقینی امن عمل کو متحرک کرنے کے لئے پریشر پوائنٹ کے طور پر استعمال کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اسپین اور ناروے ماضی میں بھی ثالث تھے جس کے نتیجے میں سال 1991ء میں میڈرڈ کانفرنس کے ذریعے مذاکرات کا آغاز کیا گیا جس کے بعد سال 1993ء میں اوسلو معاہدے پر دستخط ہوئے۔

جوناس گیر اسٹور نے کہا کہ میں آنے والے ہفتوں میں فلسطین کو تسلیم کرنے پر اسپین کے ساتھ "فعال طور پر بات چیت" کروں گا اور ناروے جمہوریہ فلسطین کے قیام کی حمایت کرتا ہے جس میں غزہ اور مغربی کنارے کی خود مختار تنظیمیں حکومت کریں گی۔

اسپین کے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی کی صورتحال نے فلسطین کو ایک ملک کے طور پر تسلیم کرنے کے حوالے سے ایک "کھلی مہم" کو جنم دیا ہے جس کی ایک مثال فلسطین کو اقوام متحدہ کے ایک مستقل رکن میں بدلنے کے لئے اقوام متحدہ میں ہونے والی بحث و مباحثہ ہے۔

اس پریس کانفرنس میں ناروے اور اسپین دونوں نے غزہ کی پٹی میں خوفناک انسانی صورتحال کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگبندی اور غاصب صیہونی رژیم سے غزہ کے محصور لوگوں تک انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔
 
پیڈرو سانچیز نے مزید کہا کہ علاوہ ازیں ایک ایسا سیاسی حل حاصل کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ جو خطے میں ہمیشہ کے لئے امن و انصاف کو قائم کرے اور ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ 2 ریاستی حل جنگ کو ختم کر دے گا۔

عالمی برادری سے جنگ کے خاتمے میں مدد کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی درخواست کرتے ہوئے اسپین کے وزیراعظم نے تاکید کی کہ یہ الفاظ سے عمل کی جانب بڑھنے کا وقت ہے۔۔ بہت سے لوگ مارے جا چکے ہیں۔۔!
خبر کا کوڈ : 1128345
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش