0
Thursday 18 Apr 2024 17:40

جی بی میں ہونے والی ناانصافیوں کیخلاف ایوان بالا میں آواز بلند کی جائے گی، علامہ راجہ ناصر عباس

جی بی میں ہونے والی ناانصافیوں کیخلاف ایوان بالا میں آواز بلند کی جائے گی، علامہ راجہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چئیرمین سنیٹر علامہ راجہ ناصر سے ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے وفد کی آغا علی رضوی کی سربراہی میں ملاقات ہوئی۔ وفد میں صدر ایم ڈبلیو ایم جی بی آغا علی رضوی، رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری، پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی و اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کاظم میثم، رکن جی بی اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی، رہنما ایم ڈبلیو ایم حاجی محمد علی اور مولانا جان حیدری شامل تھے۔ ملاقات میں وفد نے چئیرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکبا دی دی۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ جس طرح ماضی میں گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے اور محرومیوں کو دور کرنے کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہے ہیں اور گلگت بلتستان کے عوام کی آواز میں آواز ملاتے رہے ہیں اب ایوان بالا میں بھی گلگت بلتستان کے عوام کے تشخص، حقوق کی فراہمی اور محرومیوں کے ازالے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
 
اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سنیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور محرومیوں کیخلاف ایوان بالا میں آواز بلند کی جائے گی۔ ان شاءاللہ بہت جلد اس فسطائیت اور کرپٹ نظام کا خاتمہ ہوگا اور خطہ ترقی و استحکام کی راہ پر گامزن ہوگا۔ پاکستان کے فطری دفاع گلگت بلتستان کے بہادر محب وطن عوام کو 76 سالوں سے تشخص اور حقوق سے محروم رکھنا حکمرانوں اور مقتدر حلقوں کی عاقبت نااندیشی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو انکی امنگوں کے حقوق دینے میں تاخیر کسی صورت ریاست کے حق میں نہیں۔ ہم گلگت بلتستان کے عوام کی حقوق کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
 
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنت نظیر خطہ گلگت بلتستان کے عوام بنیادی تشخص سے محروم ہونا، بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہونا، بنیادی سہولیات زندگی سے محروم ہونا اور عوام کی مرضی کے خلاف فیصلے تھوپنا انکے جذبہ حب الوطنی پر کاری ضرب ہے۔ یہاں کے عوام کو دانستہ طور پر مایوسی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے اور یہاں کے جوانوں کی آنکھوں میں غصہ بھی ہے اور حقوق کے حصول کے لیے پرعزم بھی ہیں۔ ہم ہر فورم پر گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کا قضیہ لڑتے ہیں گے۔ چئیرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان نے وفد کو گلگت بلتستان کی تنظیمی اور سیاسی صورتحال پر ضروری ہدایات بھی دیں۔
خبر کا کوڈ : 1129506
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش