0
Thursday 25 Apr 2024 10:58

مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، چوہدری لطیف اکبر

مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، چوہدری لطیف اکبر
اسلام ٹائمز۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے مہاجرین 1989ء کی ورکنگ کمیٹی کی ملاقات۔ مہاجرین کو درپیش مسائل، آبادکاری کیلئے اسمبلی سے قانون سازی، اسمبلی نشستوں کو مختص کئے جانے اور دیگر مشکلات کے ازالے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق مہاجرین جموں کشمیر 1989ء کی ورکنگ کمیٹی کے ممبران نے امیر مہاجرین عزیر احمد غزالی کی قیادت میں سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کی۔ مہاجرین وفد میں چوہدری محمد مشتاق، حامد جمیل کشمیری، مشتاق الاسلام، اقبال یاسین اعوان، محمد ارشاد بٹ، چوہدری فیروز دین، غلام حسن بٹ، محمد اقبال میر، منظور اقبال بٹ، عثمان علی ہاشم، میر محمد اسلم شریک تھے۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی کو مہاجرین وفد نے بتایا کہ پینتیس برس گزرنے کے باوجود کشمیری مہاجرین کے 8232 خاندان انہتائی ناگفتہ بہ حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ 

جن میں سے تقریباً 4500 خاندانوں کو ایک گز زمین بھی رہائش کیلئے میسر نہیں اور جن مہاجرین کو مختلف مہاجرین بستیوں میں رکھا گیا ہے ان کو بھی تین یا چار مرلے جگہ پر رکھا گیا ہے۔ مہاجرین وفد نے بتایا کہ محکمہ بحالیات نے مہاجرین کو جس طرح 1990ء میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے بستیوں میں رہائش پذیر کیا وہی غلطی 2024ء میں دہرائی جا رہی ہے۔ وفد نے بتایا کے نام نہاد آباد کاری منصوبے کے تحت مہاجرین کو دور دراز پہاڑی علاقے میں چار چار مرلے زمین پر آباد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 

مہاجرین وفد نے بتایا کہ مہاجرین 1989ء اب کسی ایسے ناقص منصوبے کو تسلیم نہیں کریں گے جس سے ان کے مستقبل کو خطرات لاحق ہو جائیں۔مہاجرین وفد نے سپیکر قانون ساز اسمبلی سے اپیل کی کہ اسمبلی میں مہاجرین 1989ء کو نمائندگی دینے کے لیے جموں اور ویلی کی ایک ایک نشست دینے، آبادکاری کے منصوبے کے لئے سالانہ بجٹ کو مختص کرنے، مہاجرین کو ڈومیسائل اور حقوق ملکیت دیے جانے کیلئے کردار ادا کریں۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی نے مہاجرین وفد کو یقین دلایا کے تحریک آزادی کشمیر ہم سب کی ترجیح اول ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے لازوال جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مہاجرین کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1130972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش